پاکستانی شوبز انڈسٹری میں تیزی سے پہچان بنانے والی اداکارہ ماریہ ملک نے انڈسٹری میں خواتین کو درپیش ہراسانی کے واقعات پر لب کشائی کی ہے، کہا انڈسٹری میں ہر جگہ خواتین کیلئے ماحول محفوظ نہیں ہے۔

حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں اداکارہ نے انکشاف کیا کہ جب انہوں نے تین سال قبل شوبز میں قدم رکھا، تو وہ مرکزی کردار ادا کرنا چاہتی تھیں، لیکن پروڈکشن ہاؤسز انہیں سپورٹنگ رولز کی پیشکش کرتے اور انکار پر ان کا رویہ عجیب ہو جاتا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں ماریہ ملک کا کہنا تھا ”میرے ساتھ ذاتی طور پر کوئی ہراسانی کا واقعہ پیش نہیں آیا، لیکن انڈسٹری میں ایسے واقعات کے بارے میں سنا ضرور ہے، اس لیے میں اسے مکمل طور پر محفوظ نہیں کہہ سکتی۔“

اداکارہ ماریہ ملک نے مزید کہا کہ شو بز کی چمک دمک کے پیچھے کئی اندھیرے پہلو بھی چھپے ہیں، جنھیں سن کر دکھ ہوتا ہے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے زیادہ میل جول سے گریز کرتی ہیں اور صرف اپنے کام پر توجہ دیتی ہیں۔

ان کا ماننا ہے کہ سوشل میڈیا کے باعث اب لوگ کچھ غلط کرنے سے گھبراتے ہیں، لیکن خطرہ پھر بھی کہیں نہ کہیں موجود رہتا ہے۔

More

Comments
1000 characters