معروف اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے ہمایوں سعید کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بالکل درست کہتے ہیں کہ ڈرامہ ناقدین اپنا کام کر رہے ہیں اور اسی سے روزگار کما رہے ہیں، اس لیے ان پر تنقید نہیں کرنی چاہیے۔

ڈرامہ ’میں منٹو نہیں ہوں‘ اس وقت اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہو رہا ہے جو ہمایوں سعید کی پرائم ٹائم سیریل ہے۔ اس ڈرامے کو خلیل الرحمٰن قمر نے تحریر کیا ہے جبکہ اس کے ہدایتکار ندیم بیگ ہیں۔ ڈرامہ اپنی کہانی اور متعدد سب پلاٹس کی وجہ سے توجہ کا مرکز ہے اور اسے تعریف و تنقید دونوں مل رہی ہیں۔

کچھ عرصہ قبل عتیقہ اوڈھو اور نادیہ خان نے ڈرامے پر تنقید کی تھی جس پر ہمایوں سعید نے کہا تھا کہ وہ منفی تبصروں پر ہنستے ہیں اور ناظرین سے گزارش کی تھی کہ ناقدین سے نفرت نہ کریں کیونکہ ناقدین اپنا کام کر رہے ہیں انہیں ان کا کام کرنے دیں۔

AAJ News Whatsapp

حال ہی میں عتیقہ اوڈھو نے ایک پروگرام میں ہمایوں سعید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا، اگر ہمایوں سعید نے ہمارے بارے میں کوئی تلخ بات بھی کی ہوتی تو ہم انہیں معاف کر دیتے کیونکہ وہ جان بوجھ کر سخت الفاظ استعمال نہیں کرتے۔ ان کی عاجزی اور پیشہ ورانہ رویہ ان کی شہرت میں اضافہ کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہمایوں سعید انڈسٹری کے واحد فرد ہیں جو کسی کی غیبت نہیں کرتے، سب کے ساتھ میٹھے انداز میں پیش آتے ہیں اور ان میں کسی قسم کی پیشہ ورانہ حسد یا عام اسٹارز جیسا رویہ نہیں پایا جاتا۔

اس موقعے پر مرینہ خان اور نادیہ خان نے بھی ہمایوں سعید اور ان کی اہلیہ کی تعریف کی۔ مرینہ خان کے مطابق ہمایوں سعید ایک ایسے پروفیشنل فنکار ہیں جن کے ساتھ سب کام کرنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ وقت کے پابند ہیں، تیاری کے ساتھ سیٹ پر آتے ہیں اور رویے میں کوئی غرور نہیں اور ایک خوش اخلاق فنکارہیں۔

More

Comments
1000 characters