دنیا کے طاقت ور ترین صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ایرک ٹرمپ نے جاپان کے سومو پہلوان سے بھڑنے کا فیصلہ کیا تو ان کے تصور میں بھی نہیں تھا کہ ان کے ساتھ کیا ہوگا، دلچسپ مقابلے کی ویڈیو وائرل
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ایرک ٹرمپ نے جاپان کے دورے کے دوران سُومو ریسلنگ کے میدان میں قسمت آزمایا۔ ایرک، جو ٹوکیو میں کرپٹو کرنسی کمپنی میٹا پلانٹ کے اجلاس میں شرکت کے لیے آئے تھے، نے اپنے فارغ وقت میں سُومو اکھاڑے کا دورہ کیا، جہاں 34 سالہ جاپانی ریسلنگ کے لیجنڈ یوکوزونا کے ساتھ ایک دوستانہ مقابلہ کیا۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایرک ٹرمپ نے ابتدا میں کافی جوش و جذبے کے ساتھ مقابلہ کیا، لیکن کچھ ہی دیر بعد یوکوزونا نے انہیں بآسانی اُٹھا کر اکھاڑے سے باہر کر دیا۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔ ایرک ٹرمپ نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ”ہر دن ایسا موقع نہیں ملتا کہ آپ سُومو کے عظیم لیجنڈ یوکوزونا کے ساتھ کھیل سکیں! میں جیت کے قریب تھا! یہ میرے لیے ایک بہت بڑا اعزاز تھا۔“
ویڈیو پر مداحوں کی جانب سے مختلف تبصرے کیے گئے، جن میں ایک صارف نے کہا ”یہ کمال تھا!“
دوسرا صارف لکھتا ہے: ”ہاہا، اس ویڈیو کو دیکھ کر بہت مزہ آیا، خاص طور پر جب اس نے آپ کو اُٹھا کر پھینکا! کیا زبردست مزاح تھا، شاندار تجربہ!“
ایک اور صارف نے ہنستے ہوئے کہا: ”یوکوزونا نے آپ پر کافی نرمی دکھائی۔“
ایرک کی اس دلچسپ تجربے کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر بے شمار تبصروں اور پسندیدگیوں کا طوفان برپا کر دیا ہے۔