دنیا کے معروف ترین فیشن ڈیزائنرز میں شمار ہونے والے اطالوی لیجنڈ جورجیو ارمانی 91 برس کی عمر میں وفات پا گئے۔
ان کی وفات کے ساتھ ہی عالمی فیشن انڈسٹری ایک نئے دوراہے پر کھڑی ہے اور سب سے اہم سوال یہی ہے کہ ’’ارمانی‘‘ کے اس اربوں ڈالر کے فیشن ایمپائر کا مستقبل کیا ہوگا جس کی آزادی اور خودمختاری کو وہ زندگی بھر سب سے زیادہ عزیز رکھتے تھے۔
برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق گزشتہ پانچ دہائیوں میں ارمانی نے ایک ایسا برانڈ قائم کیا جسے دنیا بھر میں پہچان اور مقبولیت حاصل ہوئی۔ جورجیو ارمانی نے 1975 میں اپنے نام سے فیشن برانڈ قائم کیا۔
ابتدا میں انہوں نے مردانہ ملبوسات کے ایک چھوٹے سے کلیکشن کے ذریعے یہ سفر شروع کیا، مگر وقت کے ساتھ یہ برانڈ ایک وسیع عالمی فیشن ایمپائر کی صورت اختیار کر گیا۔ آج ارمانی کا نام صرف لباس ہی نہیں بلکہ جوتوں اور لگژری اشیاء کی دنیا میں بھی وقار اور معیار کی پہچان ہے، جن کی قیمتیں لاکھوں تک جا پہنچتی ہیں۔
1970 کی دہائی میں سرجیو گیلیوٹی کے ساتھ کمپنی قائم کرنے والے ارمانی اس کے بڑے حصص دار اور بیک وقت تخلیقی و انتظامی سربراہ تھے۔ ارمانی کی کوئی اولاد نہیں، تاہم ان کی کمپنی اب بھی 2.3 ارب یورو (2.7 ارب ڈالر) کی سالانہ آمدنی کے ساتھ پُرکشش سرمایہ کاری سمجھی جاتی ہے۔
صنعتی ماہرین کے مطابق ماضی میں کئی مشہور اَن اسٹرکچرڈ سوٹ بنانے والے اس برانڈ کو کئی بار خریداروں کی جانب سے پیشکشیں ملیں، جن میں 2021 میں اٹلی کے ایگنیلی خاندان کے جان ایلکان کی پیشکش اور ایک اور لگژری برانڈ گوچی کی جانب سے اُس وقت کی گئی پیشکش شامل ہے جب موریسّیو گوچی ادارے کے سربراہ تھے۔
مگر ارمانی نے ہمیشہ اپنی آزادی برقرار رکھی۔ وہ فرانسیسی حریفوں سے خاص طور پر محتاط رہے اور اسٹاک مارکیٹ میں لسٹنگ سے بھی انکار کرتے رہے۔
ارمانی اپنی فیملی سے قریبی تعلق رکھتے تھے۔ ان کی بہن روزانا، بھتیجیاں سلوَنا اور روبیٹا، اور بھانجا آندریا کامیرانا کمپنی میں اہم عہدوں پر موجود ہیں۔ اسی طرح پانتیلیو (لیو) ڈیل اورکو، جو پچھلے 45 برسوں سے مردانہ کلیکشن کے سربراہ اور ارمانی کے قریبی ساتھی رہے، آئندہ بھی کلیدی کردار ادا کریں گے۔
اندرونی ذرائع کے مطابق ابھی تک کوئی ایک جانشین مقرر نہیں کیا گیا ہے بلکہ کلیکٹیو لیڈرشپ کا ماڈل اپنایا جائے گا جس میں فیملی ممبرز، قابلِ اعتماد ساتھی اور فاؤنڈیشن مشترکہ طور پر کمپنی کو چلائیں گے۔
ارمانی نے اپنی وصیت اور کمپنی کے بائی لاز میں تفصیل سے یہ واضح کر دیا تھا کہ مستقبل کی حکمت عملی کیسے آگے بڑھے گی۔ تاہم حتمی صورتحال ارمانی کی وصیت کھلنے کے بعد سامنے آئے گی۔
2016 میں ارمانی نے اپنی کمپنی کی آزادی برقرار رکھنے کے لیے ایک فاؤنڈیشن قائم کی تھی۔ انہوں نے اس کے ذریعے ایسے اصول مرتب کیے جو مستقبل میں کسی بھی غیر ضروری خریداری کو روکیں گے اور کمپنی کے حصص کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کریں گے۔ کمپنی کے نئے بائی لاز کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں لسٹنگ پانچ سال بعد ہی ممکن ہو سکے گی، وہ بھی بورڈ کی اکثریتی منظوری سے۔
فاؤنڈیشن، جس کے پاس فی الحال 0.1 فیصد حصص تھے، اب بڑے حصے کی مالک بننے جا رہی ہے۔ اس کا مقصد کمپنی کی آزادی برقرار رکھنا، برانڈ کی اقدار کی حفاظت کرنا اور اس کی حکمت عملی کو وہی سمت دینا ہے جو خود ارمانی کے وژن سے ہم آہنگ ہو۔
ارمانی کا برانڈ اگرچہ پیمانے میں چھوٹا ہے، مگر اپنے منصوبوں اور سرمایہ کاری کی وجہ سے ہمیشہ نمایاں رہا ہے۔ کمپنی نے حالیہ برسوں میں نیویارک اور میلان کے فلیگ شپ اسٹورز کی تزئینِ نو، پیرس میں نیا پلازو ارمانی اور ای-کامرس کے انتظام کو خود سنبھالنے پر سرمایہ لگایا۔
ارمانی کی موت کے بعد انتظامی سطح پر چیئرمین اور سی ای او کی تعیناتی درکار ہوگی، جبکہ تخلیقی ڈائریکشن کا تعین سب سے مشکل مرحلہ ہو سکتا ہے۔ ان کی بھتیجی سلوَنا خواتین کی کلیکشن، جبکہ ڈیل اورکو مردانہ کلیکشن پر کام کرتے رہے ہیں۔ یہ طے کرنا باقی ہے کہ مستقبل میں کمپنی ایک تخلیقی ڈائریکٹر رکھے گی یا مختلف لائنز کے لیے علیحدہ سربراہ مقرر ہوں گے۔
فیشن کے اس عظیم ڈیزائنر نے اپنے آخری انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ اختیارات کو بتدریج اپنے قریبی ساتھیوں اور خاندان کے حوالے کریں گے تاکہ برانڈ کی پہچان اور خودمختاری قائم رہے۔
ارمانی کی وفات پر دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ دنیا کے مشہور برطانوی فٹبالراور فیشن آئیکون ڈیوڈ بیکھم اور جانسن سمیت کئی عالمی اسٹارز نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور انہیں ”پاور ڈریسنگ کے بانی“ اور ”ٹائم لیس ایلیگنس کا استعارہ“ قرار دیا۔
کمپنی کی جانب سے انگریزی اور اطالوی زبان میں جاری بیان میں بتایا گیا کہ ان کی آخری رسومات 6 ستمبر کو نجی طور پر ادا کی جائیں گی۔
ارمانی کی وفات کے ساتھ ہی فیشن کی دنیا میں ایک عظیم دور ختم ہوا ہے۔ تاہم ان کے طے کردہ اصول، فاؤنڈیشن کا قیام اور فیملی و قریبی ساتھیوں کی موجودگی اس بات کی ضمانت ہیں کہ ارمانی گروپ اپنی شناخت، آزادی اور معیار کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا۔