بولی وُڈ کی دو بڑی فلمیں ٹائیگر شروف کی ایکشن سے بھرپور باغی 4 اور وویک اگنی ہوتری کی سیاسی ڈرامہ فلم دی بنگال فائلز 5 ستمبر 2025 کوبھارتی سنیماوں میں ایک ساتھ ریلیز ہوئیں اور باکس آفس پر آمنے سامنے آگئیں۔ دونوں فلموں سے بڑی توقعات وابستہ تھیں، مگر ان کے ابتدائی نتائج خلاف توقع بالکل برعکس نکلے۔

ٹائیگر شروف اور سنجے دت کی شاندار جوڑی پر مبنی باغی 4 نے ریلیز کے پہلے دن ہی سب کو حیران کردیا۔

AAJ News Whatsapp

اندازہ لگایا گیا تھا کہ فلم 5 سے 8 کروڑ روپے کی اوپننگ کرے گی مگر فلم نے 12 کروڑ روپے کا بزنس کر کے توقعات کو پیچھے چھوڑ دیا۔

اس 300 کروڑ بجٹ کے بڑے پراجیکٹ نے مجموعی طور پر 28.32 فیصد شوز کی اوکیوپینسی حاصل کی، جبکہ رات کے شوز میں سب سے زیادہ 37.23 فیصد ناظرین موجود تھے۔

فلم میں سابقہ مس یونیورس ہرناز سندھو نے اپنا بولی وُڈ ڈیبیو کیا ہے، جو فلم کی مزید کشش کا باعث بنی۔ تاہم، فلم کے زیادہ تشدد اور ایکشن کے باعث اسے صرف بالغوں کے لیے ریلیز کیا گیا ہے، جس سے کم عمر ناظرین کے لیے رسائی محدود ہوگئی ہے۔

دوسری جانب وویک اگنی ہوتری کی فلم دی بنگال فائلز باکس آفس پر زیادہ رنگ نہ جما سکی۔ متھن چکرورتی اور انوپم کھیر جیسے سینئر اداکاروں پر مشتمل یہ فلم صرف 1.75 کروڑ روپے کما سکی۔

فلم کا اسکرپٹ قدرے پیچیدہ اور کہانی الجھی ہوئی قرار دی گئی ہے۔ ناقدین کے مطابق، فلم کا مرکزی پیغام مختلف کہانیوں میں بکھر کر کمزور پڑ گیا، جس کی وجہ سے یہ ناظرین کے دل جیتنے میں ناکام رہی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں فلموں کو ناقدین کی جانب سے سخت ردعمل ملا۔

باغی 4 پر الزام ہے کہ یہ فارمولہ زدہ ایکشن اور پرانے مناظر پر انحصار کرتی ہے۔فلم کی ریلیز کے فوراً بعد ہی مشہور ہدایتکار سنجے گپتا نے اس کی پروموشنل حکمتِ عملی پر سخت طنز کیا۔

ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر سنجے گپتا نے لکھا:”بڑا بجٹ۔ بڑا پروڈیوسر۔ بڑا اسٹار۔ پہلا جمعہ۔ ون پلس ون فری۔ ہم کس دور میں جی رہے ہیں؟ فلمیں بنانے کا مقصد ہی کیا رہ گیا ہے؟“

دی بنگال فائلز کو کہانی کے فوکس کی کمی اور الجھے ہوئے پلاٹ کی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے۔

اس کے علاوہ، دونوں فلموں کے سامنے بین الاقوامی ہارر فلم کنجورنگ: دی لاسٹ رائٹس اور ساؤتھ انڈین بلاک بسٹرز مادھراسی اور گھاٹی جیسی بڑی ریلیزز بھی سخت مقابلہ پیدا کر رہی ہیں۔

اگر باغی 4 اپنی رفتار برقرار رکھتی ہے تو یہ ٹائیگر شروف کے کریئر کے لیے بڑی کامیابی ثابت ہوسکتی ہے۔

اب سب کی نظریں اس پر ہیں کہ آیا ایکشن سے بھرپور باغی 4 اپنی کامیابی جاری رکھ پاتی ہے یا پھر سیاسی ڈرامہ دی بنگال فائلز ناظرین کے لیے کوئی خاص جگہ بنا پاتی ہے۔

More

Comments
1000 characters