جاپان میں ایک حیران کن اور انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں 18 سالہ بھتیجے نے اپنے 52 سالہ چچا کے خراٹوں سے تنگ آ کر انہیں زہر دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نوعمر لڑکے نے سوپ میں زہریلا مواد ملا کر چچا کو پلایا، جس کے نتیجے میں وہ اچانک بے ہوش ہوگئے اور ان کی حالت تشویشناک ہوگئی۔

فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کی وجہ سے چچا کی جان بچ گئی اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو حراست میں لے لیا اور اس کے خلاف ”قتل کی کوشش“ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تحقیقات کے دوران پولیس کو دیے گئے بیان میں ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ چچا کے تیز خراٹوں سے کئی دنوں سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا اور برداشت سے باہر ہونے پر اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔
جاپانی میڈیا کے مطابق ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ یہ کیس اس بات کی علامت ہے کہ چھوٹی چھوٹی باتیں بھی ذہنی دباؤ اور غصے کی صورت میں خطرناک نتائج اختیار کر سکتی ہیں۔