دبئی پولیس ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی۔ اس بار تعریفوں کے پل باندھے ہیں بھارت کے معروف یوٹیوبر ’مدن گووری‘ نے، جن کے چینل کے آٹھ ملین سے زائد سبسکرائبرز ہیں۔
کہانی کچھ یوں ہے کہ مدن گووری دبئی ایئرپورٹ سے چنائے کے لیے فلائٹ پر سوار ہوئے تو انہیں دورانِ پرواز احساس ہوا کہ ان کا قیمتی آئی فون کہیں گر گیا ہے۔ عام طور پر مسافر ایسی صورتحال میں فون کو ہمیشہ کے لیے الوداع سمجھتے ہیں، مگر دبئی پولیس نے یہ سوچ بدل ڈالی۔
خلیج ٹائمز کے مطابق گووری نے لینڈ کرنے کے بعد ایک ای میل بھیجی۔ حیرت انگیز طور پر چند ہی گھنٹوں میں دبئی پولیس نے جواب دیا, ’آپ کا فون مل گیا ہے۔‘ تصدیق کے بعد وہ فون اگلی ہی فلائٹ کے ذریعے ان تک پہنچا دیا گیا، وہ بھی بالکل مفت۔
گووری نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوکر کہا, ’میں نے سوچا تھا یہ محال ہے، مگر دبئی پولیس نے نہ صرف فون ڈھونڈ نکالا بلکہ ایسے طریقے سے واپس کیا جیسے خواب ہو۔‘
یہ واحد مثال نہیں۔ دبئی پولیس کی تیز رفتار اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی خدمات بارہا دنیا کو حیران کر چکی ہیں۔ حال ہی میں ایک برطانوی سیاح کا کھویا ہوا بٹوا چند گھنٹوں میں واپس ملا، اور ایک سعودی شہری کی لاکھوں کی گھڑی صرف ایک دن میں ڈھونڈ کر لوٹا دی گئی۔