معروف ماہرِ نفسیات، سوشل میڈیا انفلوئنسر اور سابقہ نیوز اینکر ڈاکٹر نبیحہ علی خان ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔
اپنی بے باک آرا اور متنازع بیانات کے باعث وہ اکثر ٹی وی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر زیرِ بحث رہتی ہیں۔ موجودہ بارشوں کے باعث ان کا گھر بھی زیرِ آب آنے کے بعد وہ ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی رہیں، لیکن اس بار وجہ کچھ اور ہے۔
ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک انٹرویو کے دوران اپنی دوسری شادی سے متعلق اہم اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ منگنی کر چکی ہیں اور جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھنے والی ہیں۔
ان کا کہنا تھا، ”میری شادی طے ہوچکی ہے۔ کچھ لوگ یہ افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ میری دوسری شادی ہوچکی ہے، لیکن یہ درست نہیں۔ میری بات پکی ہوئی ہے اور جلد شادی کروں گی۔“
انہوں نے ایک عورت کی زندگی میں مرد کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ، ”میرا ماننا ہے کہ عورت مکمل طور پر اکیلی زندگی نہیں گزار سکتی۔ ایک مرد کی ضرورت ہر عورت کو ہوتی ہے۔ عورت چاہے کتنی بھی بہادر ہو، اسے ایک مرد کا سہارا چاہیے۔“
ڈاکٹر نبیحہ نے مزید کہا کہ عورت اور مرد کے درمیان مسابقت نہیں ہونی چاہیے بلکہ عورت کو مرد کے اور مرد کو عورت کے مقام اور رتبہ کو تسلیم کرنا چاہیے۔
ان کے مطابق، اس صورت میں مرد بھی عورت کو عزت اور محبت دے سکتا ہے چاہے اختلافات موجود ہوں۔ اگر عورت کے ساتھ کوئی اختلاف ہو تو اسے پیار کے ساتھ سمجھا کر دور کیا جاسکتا ہے۔ وہ مان جائے گی۔
یہ بیان سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے ردعمل کا طوفان آ گیا۔ ڈاکٹر نبیحہ علی خان کی دوسری شادی کا اعلان ان کے مداحوں کے لیے خوشی کا باعث بنا ہے اور اب سب کی نظریں ان کی شادی کی تاریخ اور مزید تفصیلات پر لگی ہیں۔