بھارتی فلم ساز ابھینو کشیپ، جنہوں نے سپر اسٹار سلمان خان کی 2010 کی بلاک بسٹر فلم دبنگ کی ہدایت کاری کی تھی، نے سلمان خان اور خان خاندان پر دوبارہ تنقید کی۔ ابھینو نے سلمان خان کو ”غنڈا“ جبکہ ان کے خاندان کو ”انتقامی مزاج رکھنے والا“ قرار دیا۔
ہدایتکار کے دبنگ فلم کی ریلیز کے بعد ہی خان خاندان کے ساتھ تعلقات خراب ہو گئے تھے۔ اب وہ ایک بار پھر خان خاندان کے ساتھ اپنے اختلافات اور تنازعے کے بارے میں کھل کر بول پڑے ہیں۔
ابھینو نے الزام لگایا کہ جب انہوں نے سیکوئل دبنگ 2 کی ہدایت کاری کرنے سے انکار کیا تو خان خاندان نے ان کے کیریئر میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اب، دبنگ کی 15ویں سالگرہ کے موقع پر، ابھینو نے SCREEN کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں سلمان خان کے رویے کے بارے میں کھل کر بات کی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کس طرح ان کے بھائی، فلم ساز انوراگ کشیپ کو 2003 کی فلم تیرے نام کے دوران پروڈیوسر بونی کپور کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس میں سلمان خان نے بھی کام کیا تھا۔
انٹرویو میں ابھینو نے سلمان کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے اور اداکار کے رویے کو بیان کرتے ہوئے کہا، سلمان کبھی بھی کام میں مکمل طور پر شامل نہیں ہوتے۔ انہیں اداکاری میں دلچسپی نہیں اور پچھلے 25 سال سے وہ اداکاری میں سنجیدہ نہیں ہیں۔
بقول ان کے وہ صرف اس لیے شوٹنگ میں آتے ہیں کہ یہ ان کے لیے ایک سہولت ہے۔ وہ زیادہ تر شہرت اور طاقت کے شوقین ہیں، لیکن اداکاری میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ وہ ایک غنڈا ہیں۔ مجھے دبنگ سے پہلے اس بات کا علم نہیں تھا۔ سلمان بدتمیز ہیں، اور گندا انسان ہیں۔
ابھینو نے مزید کہا کہ سلمان خان ”بالی وڈ میں اسٹار سسٹم کے بانی“ ہیں۔ انہوں نے بتایا:”وہ ایک فلمی خاندان سے ہیں جو پچھلے 50 سالوں سے فلم انڈسٹری میں ہے اور یہ عمل آج بھی جاری ہے۔ یہ لوگ انتقامی مزاج رکھتے ہیں اور پوری صنعت پر قابو رکھتے ہیں۔ اگر آپ ان سے متفق نہیں ہوتے تو یہ آپ کے خلاف ہو جاتے ہیں۔“
ابھینو، جو کہ فلم ساز انوراگ کشیپ کے بھائی ہیں، نے فلم تیرے نام کے دوران پیش آنے والے مسائل کو یاد کرتے ہوئے کہا،”انوراگ مجھے کیسے رہنمائی دے سکتے تھے؟ انہوں نے دبنگ سے پہلے کہا کہ تم سلمان کے ساتھ فلم نہیں بنا پاؤ گے۔ لیکن انہوں نے تفصیل سے نہیں بتایا کہ کیوں نہیں بنا پاؤ گے۔ وہ بس سمجھتے تھے کہ مجھے آسانی سے ڈرایا دھمکایا جائے گا، یہ لوگ شکاری ہیں۔“
ابھینو نے بتایا کہ انوراگ نے بالآخر فلم چھوڑ دی۔ انہوں نے تیرے نام کی اسکرپٹ لکھی، لیکن پروڈیوسر بونی کپور کے رویے کی وجہ سے انوراگ نے فلم چھوڑ دی اور انہیں مناسب کریڈٹ بھی نہیں دیا گیا۔ ابھینو نے کہا: ”اسی طرح کا تجربہ میرے ساتھ بھی ہوا۔ کسی بھی اچھی فلم کی بنیاد ایک اچھی اسکرپٹ ہوتی ہے۔“
دبنگ ڈائریکٹر ابھینو نے فلموں کے علاوہ کئی ٹی وی سیریل بھی ڈائریکٹ کیے،۔ ابھینو نے اداکاری میں بھی قدم رکھا اور فلموں جیسے پانچ، یووا اور وِگ میں کام کیا۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ابھینو کشیپ اور سلمان خان کے درمیان اختلافات منظرِ عام پر آئے ہیں، تاہم یہ انکشاف خاص طور پر دبنگ کے 15 سال مکمل ہونے کے موقع پر ہوا، جس نے فلمی شائقین کو چونکا دیا ہے۔