اکثر ایسا ہوتا ہے کہ کھڑکیوں پر دھبے اور داغ دھول کے بعد صاف نہیں ہوتے، چاہے کتنے ہی کیمیکل کلینرز استعمال کریں۔ لیکن اب ایک دلچسپ اور قدرتی ٹوٹکا سوشل میڈیا پر دھوم مچا رہا ہے اور وہ ہے پیاز سے کھڑکیاں صاف کرنا۔
جی ہاں، وہی عام پیاز، جسے ہم کھانے میں استعمال کرتے ہیں اور جو روایتی ڈشوں کی تیاری کا لازمی جز سمجھا جاتا ہے آپ کی کھڑکیوں کو بغیر داغ دھبے کے چمکا سکتا ہے۔ یہ ٹوٹکا ظاہر کرتا ہے کہ عام پیاز کے بھی کتنے حیرت انگیز استعمال ہو سکتے ہیں۔ پیاز میں موجود قدرتی تیزاب اور سلفر کمپاؤنڈ گریز اور میل کچیل کو آسانی سے صاف کر دیتے ہیں۔
یعنی ایک ہی عمل میں گھرکی کھڑکیاں بھی چمکیں، ماحول محفوظ ہو اور بجٹ بھی بچ جائے! مہنگے کیمیکل اسپرے اور دیرتک رگڑنا چھوڑ دیں، کیونکہ یہ حربہ ثابت کرتا ہے کہ ایک سادہ سا گھریلو سامان، فینسی کلیننگ پروڈکٹس سے بھی بہتر کام کر سکتا ہے۔
تو اگر آپ اپنی شیشے کی چیزوں کو قدرتی، ماحول دوست اور دھبے سے پاک رکھنے کا آسان حل تلاش کر رہے ہیں تو پیاز کے ذریعے صفائی کا یہ چھوٹا سا جادو ضرور آزما کر دیکھیں۔
صفائی کا طریقہ
پیاز کے ساتھ کھڑکیاں صاف کرنا بھی بہت آسان ہے۔ اس کے لیے آپ کو صرف ایک تازہ پیاز، کپڑا اور تھوڑا سا پانی چاہیے۔ سب سے پہلے پیاز کو درمیان سے کاٹیں اور کٹے ہوئے حصے کو شیشے پر رکھ کر ہلکے ہاتھ سے رگڑیں، خاص طور پر دھبوں، انگلیوں کے نشانات یا چکنائی والے حصوں پر ۔ رس میل کو نرم کرنا شروع کر دے گا۔
جب پورا حصہ رگڑ لیا جائے، تو ایک ہلکا نم کپڑا یا پرانا اخبار لے کر پیاز کے رس کو صاف کریں، تاکہ رس یکساں پھیل جائے اور میل کچیل دور ہوجائے۔ آخر میں خشک کپڑے، جیسے مائیکروفائبر یا کاٹن کپڑا، سے شیشے کو پالش کریں۔ ایک منٹ سے بھی کم وقت میں آپ کی کھڑکیاں روشن، صاف اور دھبے سے پاک ہو جائیں گی اور پیاز کی ہلکی خوشبو جلد ختم ہو کر صرف چمک باقی رہ جاتی ہے۔
پیاز کی صفائی کے فوائد
پیاز کے ساتھ شیشے صاف کرنے کا یہ ٹرک صرف صاف شیشے تک محدود نہیں بلکہ اس کے کئی اضافی فائدے بھی ہیں۔ سب سے پہلے، یہ مکمل طور پر ماحول دوست ہے کیونکہ آپ کیمیکل سپرے استعمال نہیں کر رہے، جو ماحول کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔ دوسرا، یہ بہت سستا ہے۔ ایک پیاز کا صرف آدھا حصہ ایک پوری کھڑکی کے لیے کافی ہے، جبکہ برانڈڈ کلینرز مہنگے ہوتے ہیں۔
بچوں یا پالتو جانوروں والے گھروں کے لیے یہ اور بھی مفید ہے۔ اس طریقے میں نہ تو کوئی زہریلی بھاپ پیدا ہوتی ہے اور نہ ہی ایسے باقیات رہ جاتے ہیں جو چھوٹے ہاتھ یا پنجے چھو سکتے ہیں۔ اور سب سے بڑی بات یہ کہ یہ بہت تیز کام کرتا ہے۔ جب مہمان آنے والے ہوں یا سورج کی روشنی میں کھڑکیوں کے دھبے نمایاں ہوں تو یہ طریقہ آپ کا وقت بچاتا ہے اور اسے زیادہ رگڑنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
یہ طریقہ صرف کھڑکیوں کے لیے نہیں بلکہ آئینوں، شیشے کی میزوں اور کار کے ونڈ شیلڈز پر بھی یکساں مؤثر ہے۔
زیادہ مؤثر صفائی کے لیے ہمیشہ تازہ اور رس بھری پیاز استعمال کریں کیونکہ پرانی یا خشک پیاز کم رس چھوڑتی ہے اور کم مؤثر ہوتی ہے۔
اگر شیشہ بہت زیادہ میل سے بھرا ہوا ہو، تو پیاز کے بعد ہلکا سا سرکہ اسپرے کر کے اثر بڑھایا جا سکتا ہے۔
پیاز کو زیادہ دبانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ رس خود ہی میل ہٹانے کا کام کرتا ہے اور سخت رگڑنے سے دھبے رہ سکتے ہیں۔
بڑی کھڑکیوں کو حصوں میں صاف کریں تاکہ رس یکساں پھیل جائے اور شیشہ بہتر طور پر پالش ہو۔
اب جب بھی سورج کی روشنی میں دھبے یا انگلیوں کے نشانات دکھائی دیں، پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ بس ایک پیاز کاٹیں، شیشے پر رگڑیں اور 60 سیکنڈ میں شفاف، داغ دھبے سے پاک شیشہ حاصل کریں۔
یہ ٹوٹکا سادہ، مؤثر، محفوظ اور حیرت انگیز ہے اور یہ ثابت کرتا ہے کہ کبھی کبھی سب سے عام چیزیں سب سے زیادہ کارآمد ثابت ہوتی ہیں۔