بھارت کے معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین ذاکر خان نے اپنی صحت کے پیشِ نظر اسٹیج شو سے عارضی طور پر دور رہنے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 38 سالہ کامیڈین نے اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر ایک جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ لگاتار ٹور اور سخت شیڈول نے ان کی صحت پر کافی برا اثر ڈالا ہے۔
ذاکر خان نے اپنے پیغام میں کہا، ”میں پچھلے 10 سال سے لگاتار ٹور کر رہا ہوں۔ میں واقعی آپ کے پیار اور حمایت کے لیے شکر گزار ہوں، لیکن اس طرح کے طویل دورے صحت کے لیے اچھے نہیں۔ روزانہ 2-3 شوز، بے خوابی کی راتیں، صبح سویرے کی فلائٹس اور غیر متعین کھانے کا شیڈول یہ سب بہت تھکن پیدا کرتا ہے۔ میں پچھلے ایک سال سے بیمار ہوں، لیکن وقت کی ضرورت کے باعث کام جاری رکھا۔“
کامیڈین نے مزید کہا کہ وہ اسٹیج پر رہنا بہت پسند کرتے ہیں، لیکن اب کچھ عرصے کے لیے وقفہ لینا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ غیر ملکی ٹور کے بجائے آئندہ صرف صرف انڈیا کے محدود شہروں میں ہی شوز کریں گے تاکہ لمبے سفر سے بچ سکیں۔ اس کے بعد وہ ایک خاص شو ریکارڈ کر کے طویل وقفہ لیں گے تاکہ صحت پر توجہ دی جا سکے۔

ذاکر خان 2012 میں انڈیا بيسٹ اسٹینڈ اپ جیتنے کے بعد شہرت کی بلندیوں پر پہنچے۔ ان کی روزمرہ کی زندگی سے جڑی کہانیاں انہیں نوجوانوں میں بے حد مقبول بناتی ہیں۔
ذاکر خان نے ایمیزون پرائم شو میں جج کے طور پر بھی حصہ لیا۔ 2023 میں لندن کے رائل البرٹ ہال میں ان کے شو کی تمام ٹکٹیں فروخت ہوگئیں اور انہیں 20 منٹ تک کھڑے ہو کر داد دی گئی۔ 2025 میں انہوں نے نیویارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں پرفارم کر کے ہندی اسٹینڈ اپ کامیڈی کی تاریخ رقم کی۔ انسٹاگرام پر ان کے تقریباً 7.4 ملین فالوورز موجود ہیں۔۔