بھارتی ریاست اُتر پردیش کے ضلع مرادآباد میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ منظرِ عام پر آیا ہے جہاں زچگی کے بعد شدید ذہنی دباؤ کا شکار ایک خاتون نے اپنی نوزائیدہ بچے کو فریج میں رکھ دیا اور بھول گئی۔
یہ افسوسناک واقعہ 5 ستمبر کو مرادآباد کے علاقے جبار کالونی میں پیش آیا، جہاں متاثرہ خاتون اپنے شوہر، جو پیتل کا کام کرتا ہے اور سسرال والوں کے ساتھ رہتی ہے۔
خوش قسمتی سے، بچے کی دادی نے رونے کی آواز سن کر بروقت بچہ نکال لیا، اور بچہ مکمل طور پر محفوظ رہا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق، بچہ مسلسل بے چین تھا جس پر خاتون اسے کچن لے گئی اور فریج میں رکھ کر خود سونے چلی گئی۔ تھوڑی دیر بعد بچے کے رونے کی آواز نے دادی کو جگایا، جو کچن پہنچی اور بچے کو فوراً فریج سے نکال کر قریبی ڈاکٹر کے پاس لے گئی، جہاں طبی معائنے کے بعد بچے کو بالکل محفوظ قرار دیا گیا۔
تاہم جب اہلِ خانہ نے خاتون سے اس حرکت کی وجہ پوچھی تو اس نے انتہائی پرسکون انداز میں جواب دیا ”وہ سو نہیں رہا تھا، اس لیے میں نے اسے فریج میں رکھ دیا۔“ اس جواب نے پورے خاندان کو چونکا دیا۔
ابتدائی طور پر اہلِ خانہ نے سمجھا کہ خاتون پر کوئی جناتی یا غیرمرئی اثر ہے، جس پر اگلے روز اسے ایک تانترک (جگادری/عامل) کے پاس بھی لے جایا گیا، مگر کوئی بہتری نہ آنے پر ایک قریبی رشتہ دار کے مشورے پر خاتون کو نفسیاتی ماہر کے پاس لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے پوسٹ پارٹم سائیکوسس کا مریضہ قرار دیا۔