بھارت کے سابق کپتان اور کرکٹ لیجنڈ مہندر سنگھ دھونی اپنے مداحوں کو ایک بڑا سرپرائز دینے کے لیے تیار ہیں کرکٹ کے میدان اور اشتہارات میں کامیاب جلوہ گری کے بعد اب وہ بالی ووڈ اداکار بننے جارہے ہیں۔
ایم ایس دھونی بالی ووڈ اداکار آر مادھون کے ساتھ ایک نئے پروجیکٹ میں ایکشن ہیرو کے روپ میں سامنے آئے ہیں۔
ہدایت کار وسن بالا کے پروجیکٹ دی چیس کا پہلا ٹیزر 7 ستمبر کو آر مادھون نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر شیئر کیا۔ چند سیکنڈز کے اس ٹیزر نے دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔
ویڈیو میں دھونی اور مادھون سیاہ رنگ کی وردی اور بلٹ پروف جیکٹس پہنے، اسپیشل ٹاسک فورس کے افسران کی طرح نظر آتے ہیں۔ دونوں نے بندوقیں تھام رکھی ہیں اور ایک گینگ کا پیچھا کرتے ہوئے فائرنگ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
مادھون نے کیپشن میں لکھا: ”ایک مشن، دو فائٹرز… سیٹ بیلٹ باندھ لیجیے، ایک دھماکہ خیز پیچھا شروع ہونے والا ہے۔“
ٹیزر میں دھونی کوبطور ”کول ہیڈ افسر“ جبکہ مادھون کو ایک زیادہ جوشیلا اور رومانوی ٹچ رکھنے والے فائٹر کے روپ میں پیش کیا گیا ہے۔ دونوں کا مشن مشترک ہے اور انہیں ایکشن موڈ میں دیکھ کر مداحوں کا جوش آسمان کو چھونے لگا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مادھون نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ دی چیس دراصل کوئی فلم ہے، ویب سیریز ہے یا پھر کسی بڑے برانڈ کا اشتہار۔ اس راز نے مداحوں کی بے چینی مزید بڑھا دی ہے۔
سوشل میڈیا پر ٹیزر شیئر ہوتے ہی دھونی ٹرینڈ کرنے لگے۔ صارفین نے دھونی کے ایکشن سینز کو بھرپور پسند کیا۔ ایک صارف نے لکھا:”یہ ضرور فلم ہونی چاہیے، ٹیزر بہت تھرلنگ ہے۔“
جبکہ کچھ مداحوں کا خیال ہے کہ یہ کسی بڑے بجٹ کا اشتہار بھی ہو سکتا ہے۔ تاہم اکثریت کا ماننا ہے کہ دھونی اگر واقعی اداکاری کی دنیا میں قدم رکھتے ہیں تو یہ ان کے کرکٹر سے اداکار تک کے شاندار سفر کا آغاز ہوگا۔
اگرچہ ابھی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، مگر یہ سوال ہر جگہ گردش کر رہا ہے کہ ”کیا دھونی نے کرکٹ فیلڈ کے بعد واقعی بالی ووڈ میں انٹری دے دی ہے؟“