سینئر پاکستانی اداکار فیصل رحمان نے اپنے ڈمپل کی تعریف کرتے ہوئے اسے ہانیہ عامر کے ڈمپل سے زیادہ مشہور کہہ دیا۔ کیونکہ ہانیہ ابھی انڈسٹری میں نئی ہیں جبکہ وہ کئی دہائیوں سے یہاں کام کررہے ہیں۔
فیصل رحمان نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کرتے ہوئے اپنی زندگی، فلمی تجربات اور دیگر دلچسپ معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے دونوں گالوں پر ڈمپل ہیں، جن میں سے ایک کافی نمایاں ہے اور دوسرا تھوڑا کم گہرا ہے، تاہم وزن بڑھنے پر دوسرا بھی نمایاں ہو جاتا ہے۔
اداکار نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ان کے ڈمپلز کی وجہ سے بڑی عمر کی خواتین بھی ان کی مداح ہیں اور یہ انڈسٹری میں ہانیہ عامر کے ڈمپل سے زیادہ مشہور ہیں کیونکہ ہانیہ ابھی نئی ہیں جبکہ وہ انڈسٹری میں کئی دہائیوں سے موجود ہیں۔
فیصل رحمان نے بچپن کی یادیں بھی شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے تایا بھارت میں رہتے تھے۔ اس لیے ان کا بھارت آنا جانا رہتا تھا اور اکثر وہ ایک سے ڈیڑھ مہینے وہاں گزارتے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چونکہ انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے کا شوق تھا۔ بالی وڈ میں نہ صرف پیسہ بلکہ مواقع اور شہرت بھی بہت ہیں، اس لیے وہ بچپن میں اپنے تایا سے کہتے تھے کہ وہ انہیں گود لے لیں، لیکن تایا نے صاف انکار کر دیا اور کوئی وجہ بھی نہیں بتائی۔
ان کا کہنا تھا کہ 80 کی دہائی میں بھارت کا ویزہ آسانی سے مل جاتا تھا، اس لیے وہ اکثر بھارت جا کر فلموں کے آڈیشن دیتے لیکن پاکستانی ہونے کی وجہ سے انہیں کامیابی نہیں ملی کیونکہ بھارتی فلمساز انہیں کاسٹ کرنے سے ہچکچاتے تھے۔
اداکار نے اپنے موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک میں کام کرنے میں کوئی قباحت نہیں ہونی چاہیے۔ اگر ہم امریکہ، دبئی یا دیگر ممالک میں کام کر سکتے ہیں تو بھارت میں کام کرنے میں بھی کوئی حرج نہیں ہونا چاہیے۔ البتہ موجودہ حالات اور حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے یہ اب آسان نہیں رہا۔
شادی نہ کرنے کے بارے میں سوال پر فیصل رحمان نے بتایا کہ وہ ہمیشہ آزاد رہنا پسند کرتے ہیں اور شادی نہ کرنے پر شکر ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کئی اداکار شادی نہیں کرتے، لیکن یہ سوال اکثر صرف ان سے کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق، انہوں نے جس طرح عشق نہیں کیا ویسے ہی شادی بھی نہیں کی اور زندگی اپنی مرضی کے مطابق جینے کو ترجیح دی۔