فلم ’دبنگ‘ کے ہدایت کار اور انوراگ کشیپ کے بھائی معروف فلم ساز ابھینو کشیپ نے ایک بار پھر سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تلخ تجربات بیان کیے ہیں۔
ایک تازہ انٹرویو میں ابھینو کشیپ نے انکشاف کیا کہ فلم ’دبنگ‘ کی شوٹنگ کے دوران اداکار سلمان خان کی آنکھوں کے گرد سوجن چھپانے کے لیے تقریباً آٹھ لاکھ روپے وی ایف ایکس پر خرچ کیے گئے۔ بعد میں یہ بھی سنا گیا کہ ان کی بعض فلموں میں دکھائے جانے والے ایبز بھی جعلی تھے۔ دبنگ میں خاص طور پر ان کے چہرے پر ڈجیٹل کام کیا گیا اور آنکھوں کے نیچے سوجن ختم کی گئی۔
جب ان سے سلمان خان کے بارے میں پوچھا گیا کہ کیا وہ اپنی فلموں کے سیٹ پر ذاتی جم رکھتے ہیں تو ابھینو کشیپ نے طنزیہ انداز میں جواب دیا کہ ہرگز نہیں، سلمان خان بظاہر مضبوط اور فٹ دکھائی دیتے ہیں، مگر حقیقت میں وہ شوٹنگ سے پہلے صرف چند پش اپس لگا کر خود کو اسکرین کے لیے تیار کرتے تھے تاکہ وزن اور تھکن چھپائی جا سکے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ فلم کے کئی ایکشن مناظر میں سلمان نے خود حصہ نہیں لیا بلکہ زیادہ تر باڈی ڈبلز استعمال کیے گئے اور بعد میں ان کے چہرے کو ڈیجیٹلی جوڑا گیا۔
ہدایت کار نے ایک دلچسپ واقعہ یاد کرتے ہوئے کہا کہ دبنگ کی شوٹنگ کے دوران ایک تعاقب کا منظر فلمایا جانا تھا بارش کے موسم میں سلمان خان نے شوٹنگ سے انکار کر دیا کیونکہ جگہ کیچڑ سے بھری ہوئی تھی اور بڑی تعداد میں لوگ دیکھنے کے لیے موجود تھے۔ سلمان کو ڈر تھا کہ اگر وہ پھسل گئے تو سب کے سامنے مذاق بن جائے گا۔
ابھینو کشیپ نے مزید الزام لگایا کہ سلمان خان کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ میں تاخیر ہوئی اور انہیں مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ اداکار نے ادائیگیاں وقت پر نہیں کیں۔ انہوں نے یہاں تک کہا کہ سلمان خان اور ان کے اہل خانہ فلمی دنیا میں ”مافیا“ جیسا کردار ادا کرتے ہیں۔
ابھینو کشیپ کا کہنا تھا کہ سلمان خان کے لیے تیز دوڑنا بھی ایک مشکل کام تھا، اسی لیے فلم کے زیادہ تر ایکشن اور تعاقب کے مناظر میں باڈی ڈبلز کا سہارا لیا جاتا اور بعد میں وی ایف ایکس کے ذریعے ان کا چہرہ شامل کیا جاتا تھا۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اگرچہ دبنگ کے زمانے میں سلمان خان اپنی چالیس کی دہائی کی ابتدا میں تھے اور کسی حد تک ایکشن سین کر لیتے تھے، لیکن وہ اکثر خطرہ مول لینے سے گریز کرتے اور نسبتاً آسان یا معمولی خطرناک مناظر کے لیے بھی اسٹنٹ ڈبلز پر انحصار کرتے تھے۔
یاد رہے کہ یہ پہلی بار نہیں کہ سلمان خان پر وی ایف ایکس کے ذریعے فٹنس دکھانے کا الزام لگا ہو۔ 2014 میں فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ کی ایک ویڈیو لیک ہوئی تھی جس میں ان کے جعلی ایبز واضح نظر آئے۔ اگرچہ بعد میں یہ ویڈیو فوری طور پر ہٹا دی گئی، لیکن اس کے کچھ کلپس وقتاً فوقتاً آن لائن سامنے آتے رہتے ہیں۔