مشہور کامیڈین کپل شرما کا نیٹ فلکس پر نشر ہونے والا مقبول شو ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ہمیشہ اپنے دلچسپ اسکچز، مہمانوں کی گفتگو اور مزاحیہ پرفارمنس کے لیے جانا جاتا رہا ہے،مگر اس بار شو اپنی فائنل قسط سے صرف ایک دن قبل سنگین قانونی مسئلے میں الجھ گیا۔ یہ قسط ہفتے کے روز نشر کی جانی ہے جس میں بالی وُڈ ایکشن اسٹار اکشے کمار بطور مہمان شریک ہوں گے۔
بھارتی فلم پروڈیوسر فیروز اے نڈیاڈوالا نے نیٹ فلکس اور شو کے پروڈیوسرز کو 25 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ شو میں بالی وُڈ کی مقبول فلم ہیرا پھیری کے مرکزی کردار بابوراؤ گنپت راؤ آپٹے کا غیر مجاز استعمال کیا گیا۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب شو کے پرومو میں دیکھا گیا کہ اکشے کمار اور کپل شرما اسٹیج پر قہقہے بکھیرتے ہیں، لیکن اسی دوران کامیڈین کیکو شرادا نے بابوراؤ کا کردار نبھاتے ہوئے ایکٹنگ کی، جسے پروڈیوسر نے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی قرار دیا۔
فیروز اے نڈیاڈوالا کے مطابق یہ کردار ان کے خاندان کی رجسٹرڈ ٹریڈ مارک پراپرٹی ہے اور اس کا غیر مجاز استعمال قانونی اور اخلاقی دونوں اعتبار سے غلط ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ، ’بابوراؤ صرف ایک کردار نہیں بلکہ ’ہیرا پھیری‘ کی جان ہے۔ یہ ورثہ ہماری محنت، وژن اور تخلیقی صلاحیتوں سے بنا ہے، جسے کوئی بھی ہماری اجازت کے بغیر استعمال نہیں کر سکتا۔ پاریش راول جی نے اس کردار کو اپنے خون پسینے سے زندہ کیا ہے۔ کوئی بھی اس کا غلط فائدہ نہیں اٹھا سکتا۔‘
نوٹس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ:
متنازعہ کلپ کو فوری طور پر نیٹ فلکس، سوشل میڈیا اور تمام تیسرے فریق کے پلیٹ فارمز سے ہٹایا جائے۔
24 گھنٹوں میں عوامی معافی جاری کی جائے۔
دو دن کے اندر 25 کروڑ روپے بطور ہرجانہ ادا کیے جائیں۔ بصورتِ دیگر سول اور کریمنل کارروائی کی جائے گی۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کردار بابوراؤ گنپت راؤ آپٹے کو پہلی بار لیجنڈری اداکار پاریش راول نے فلم ہیرا پھیری اور اس کے سیکوئل میں نبھایا تھا، جہاں ان کے ساتھ اکشے کمار اور سنیل شیٹھی نے بھی مرکزی کردار ادا کیے تھے۔