ہالی ووڈ کے اداکار ٹام ہالینڈ اپنی آنے والی مارول فلم ’سپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے ہیں، جس کے باعث فلم کی شوٹنگ وقتی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔

ہالی ووڈ کی مشہور خبر رساں اداروں، جیسے کہ ہالی وڈ رپورٹر، ڈیڈ لائن اور ورائٹی ، نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔ یہ واقعہ برطانیہ میں واٹفورڈ کے لیوسڈن اسٹوڈیوز میں جمعے کو پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق ٹام ہالینڈ کو گلاسگو کے سیٹ پر ایک اسٹنٹ کے دوران چوٹ کے باعث ہسپتال لے جایا گیا۔ خوش قسمتی سے، اس واقعے میں کوئی اور متاثر نہیں ہوا۔ اداکار حفاظتی اقدامات کے تحت فی الحال آرام کر رہے ہیں اور فلم کی شوٹنگ کے شیڈول کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے ایک میٹنگ طے کی جائے گی۔

’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ کے 2026 میں جولائی میں ریلیز ہونے کی امید ہے۔ یہ ہالینڈ کی اسپائیڈر مین کے طور پر چوتھی فلم ہے، اس سے پہلے وہ 2017 کی ’اسپائیڈر مین: ہوم کمنگ‘، 2019 کی ’اسپائیڈر مین: فار فرام ہوم‘ اور 2021 کی ’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘ میں نظر آ چکے ہیں۔

حال ہی میں فلم سازوں نے نیا اسپائیڈر مین کا سوٹ بھی پیش کیا ہے، جس میں روشن سرخ اور نیلے رنگ کے پس منظر پر ابھرا ہوا کالا ویبنگ نظر آ رہا ہے۔ ٹام ہالینڈ نے بھی مداحوں کو اپنے اسپائیڈر مین کاسٹیوم کی واضح جھلک دکھائی، اور ایک ٹیزر ویڈیو میں کلاسک اسپائیڈر مین کی شکل میں نظر آئے، جو ٹوبی میگوائر اور اینڈریو گارفیلڈ کے سوٹ کے مشابہ تھا۔

اس نئی فلم میں زینڈایا اور جیکب بَٹالون بھی واپس آ رہے ہیں، جب کہ مارک رفیلو بطور بروس بینر (ہلک)، جون برنتھال بطور پنشَر اور مائیکل مینِڈو بطور اسکارپین بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ نئے اداکار بھی اس فلم کا حصہ ہیں، جن میں ’دی بیئر‘ کی اداکارہ لیزا کولونزیاس، ’سیورنس‘ کے اداکار ٹرامیل ٹلمین اور ’اسٹرینجر تھِنگز‘ کی اداکارہ سیڈی سِنک شامل ہیں۔

AAJ News Whatsapp

More

Comments
1000 characters