دل کو چھو لینے والی موسیقی سے الگ پہچان بنانے والے بالی ووڈ کے مشہور گلوکارلکی علی نے بتایا کہ اگرچہ ان کے والد کے پاس شہرت اور دولت کی کمی نہ تھی، مگر گھر میں نظم و ضبط اور سختی لازمی تھی۔
بھاری فلم انڈسٹڑی کے ماضی کے لیجنڈ کامیڈین محمود کے صاحبزادے گلوکار لکی علی نے اپنے بچپن اور والد کے ساتھ تعلقات پر کھل کر بات کی۔
ویویک اوبرائے کی ایشوریا سے بریک اپ اور سلمان خان سے تنازع پر پہلی بار لب کشائی
ایک انٹرویو میں لکی علی نے کہا کہ ان کے والد گھر میں بھی بے حد مزاحیہ ہوا کرتے تھے، مگر اسی کے ساتھ وہ بہت سخت والد بھی تھے۔ لکی نے بتایا کہ انہیں کبھی 21 سال کی عمر سے پہلے کسی ڈیٹ پر جانے کی اجازت نہیں ملی، اور شام چھ بجے کے بعد گھر سے باہر رہنا مکمل منع تھا۔
لکی علی نے اپنے بچپن کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ والد انہیں روزانہ صرف پانچ روپے دیا کرتے تھے اور شام کو اس کا حساب بھی لینا ضروری ہوتا تھا کہ انہیں کہاں اور کیسے خرچ کیا؟
پیرس فیشن ویک میں ایشوریا رائے کی ہیرے جڑی شیروانی وائرل
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ باوجود اس کے کہ ان کے والد کے پاس پیسوں کی کمی نہیں تھی محمود کی 27 گاڑیاں تھیں، لیکن انہیں کبھی ایک چلانے کی اجازت نہیں ملی۔ لکی نے کہا کہ وہ ہمیشہ بس سے سفر کرتے رہے جب تک کہ خود اپنے پیروں پر کھڑے نہ ہو گئے۔
والد کے آخری دنوں کو یاد کرتے ہوئے لکی علی نے کہا کہ ان کے والد ان پر بہت اعتماد کرتے تھے۔ ’ابا نے کہا تھا کہ اپنے بھائیوں کی ذمہ داری تمہارے کندھوں پر ہوگی۔ وہ مجھ پر اعتماد کرتے تھے اور مجھے جائیداد اور دیگر معاملات سنبھالنے کی ذمہ داری دی تھی۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے والد ان کے رہنما بھی تھے۔ وہ اکثر الجھن کے وقت اپنے والد سے مشورہ کیا کرتے تھے اور آج بھی انہیں ان باتوں کی شدید کمی محسوس ہوتی ہے۔
لکی علی کے چہرے پر مسکراہٹ بہت کم دیکھی گئی ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ زیادہ مسکراتے کیوں نہیں اورکیا وہ خوش ہیں، تو لکی علی نے جواب دیا،’آج کل زندگی میں خوش ہونے کے زیادہ مواقع نہیں ہیں۔ اردگرد لوگوں کے دکھ دیکھ کر دل بھاری ہو جاتا ہے، مگر ان مسائل کے لیے میں کچھ نہیں کر سکتا کیونکہ یہ میرے اختیار میں نہیں۔‘
جہاں محمود نے 300 سے زائد فلموں میں کامیڈی کرداروں سے اپنی الگ شناخت بنائی، وہیں لکی علی نے 1990 کی دہائی میں گائے جانے والے گانوں جیسے ”او سنم“ کے ذریعے سامعین کے دل جیت لیے اور اپنے والد کی نسبت بالکل مختلف راستہ چُنا۔