ورجینیا بیچ کی رہائشی رتھ لی مے نے اپنی سو سالہ عمرمیں یہ ثابت کردیا ہے کہ صحت مند رہنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں۔ وہ ہفتے میں تین دن باقاعدگی سے جم جاتی ہیں، ایک گھنٹہ اسٹیشنری بائیک پرسائیکلنگ کرتی ہیں اور پھر ایک میل سے زیادہ پیدل چلتی ہیں۔
ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق لی مے، جو ایک زمانے میں ماڈل بھی رہ چکی ہیں، آج بھی خود اپنا کھانا پکاتی ہیں، اپنا گھر سنبھالتی ہیں اور 98 سال کی عمر تک گاڑی بھی چلاتی رہی ہیں۔ ان کی بیٹی انیٹ پارکر جو اب 78 سال کی ہیں، اپنی والدہ کے ساتھ ہی رہتی اور ان کے ساتھ ورزش بھی کرتی ہیں۔
کمر درد ٹھیک کرنے کے لیے 8 زندہ مینڈک نگلنے والی خاتون کے ساتھ کیا ہوا؟
حرکت میں برکت
رتھ کا کہنا ہے کہ جسم کو متحرک رکھنا لمبی عمر کی سب سے بڑی کنجی ہے۔ وہ ہر صبح ہلکی ورزش کرتی ہیں جیسے اسٹریچنگ، گھٹنوں کو اوپر اٹھانا، ٹانگوں کی حرکت اور ہلکے وزن اٹھانا۔ جم کے دنوں میں وہ آدھا گھنٹہ بائیک چلاتی ہیں، پانچ منٹ آرام کرتی ہیں، پھر آدھا گھنٹہ مزید سائیکلنگ کرتی ہیں، اس کے بعد ایک میل سے زائد واک کرتی ہیں۔
ان کی پسندیدہ ورزش واکنگ ہے۔ وہ کہتی ہیں،’میں جب بھی چلتی ہوں تو خود کو بہتر محسوس کرتی ہوں۔ پہلے میں روز چار میل واک کرتی تھی۔‘
افریقی بادشاہ کی 15 بیویوں اور 100 خادموں کے ساتھ یو اے ای آمد، دیکھنے والے حیران
متوازن غذا
رتھ کی خوراک سادہ مگر صحت بخش ہے۔ ان کے ناشتے میں نان فَیٹ دہی، جئی ، کیلا، دودھ اور کبھی ایک انڈہ شامل ہوتا ہے۔ دوپہر اور رات کے کھانے میں وہ عموماً چکن، مچھلی یا ٹرکی کھاتی ہیں، جبکہ سرخ گوشت سے پرہیز کرتی ہیں۔
ان کے کھانے میں تازہ پھل اور سبزیاں خاص اہمیت رکھتے ہیں جس میں انگور، بلیو بیریز، پھلیاں، مکئی، بند گوبھی، سلاد اور پیاز شامل ہیں۔ وہ نمک کا استعمال کم کرتی ہیں، شراب نہیں پیتیں اورسگریٹ کو کبھی ہاتھ تک نہیں لگایا۔
ہفتے کی ایک چھوٹی سی ٹریٹ
رتھ ہر جمعے کو ایک خاص ٹریٹ ضرور لیتی ہیں۔ بال بنوانے کے بعد اپنے پسندیدہ ریسٹورنٹ میں دو ہاٹ ڈاگ کھاتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے، ’مجھے مرچ، سرسوں اور پیاز کے ساتھ ہاٹ ڈاگ بہت پسند ہیں۔ یہ میرا ہفتے کا انعام ہے۔‘
وراثت سے بڑھ کر طرزِ زندگی
دلچسپ بات یہ ہے کہ رتھ کے خاندان میں کوئی بھی اتنی لمبی عمر نہیں پاسکا۔ ان کی والدہ 65 سال کی عمر میں کینسر سے چل بسیں اور والد 74 سال تک زندہ رہے۔ لیکن رتھ کا کہنا ہے کہ صحت مند عادات نے انہیں ہمیشہ مضبوط رکھا۔
خوشی کا راز: خود مختاری اور سماجی تعلقات
رتھ اب بھی اپنے گھر میں رہتی ہیں جہاں وہ 57 سال سے مقیم ہیں۔ ان کے لیے آزادی سب سے بڑی خوشی ہے۔ وہ محفلوں، تقریبات اور دوستوں کے ساتھ میل جول کو اپنی زندگی کا اہم حصہ سمجھتی ہیں۔
ان کی بیٹی کہتی ہیں، ’جب ماں باہر جاتی ہیں تو ہر کوئی ان سے بات کرنا چاہتا ہے۔ کبھی کبھی وہ چلنے سے زیادہ باتیں کرتی ہیں، لیکن یہی ان کی توانائی کا راز ہے۔‘
رتھ کا پیغام ہے کہ، ”حرکت میں رہیں، صحت بخش خوراک کھائیں، خوش رہیں اور زندگی کو بھرپور جئیں۔“