بھارتی یوٹیوبر دھروو راٹھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کی گئی پوسٹ میں بالی وُوڈ سپر اسٹار شاہ رُخ خان کی دولت اور نقصان دہ مصنوعات کی تشہیر پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

دھروو راٹھی نے شاہ رُخ خان کی دولت اور ان کے اشتہارات کے انتخاب پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ایسے شخص کے لیے، جس کی سالانہ آمدنی (12 ہزار 400 کروڑ روپے) ہو، ’پان مسالہ‘ جیسے نقصان دہ مصنوعات کی تشہیر کرنے کی کیا ضرورت ہے؟

دھروو راٹھی کا ویڈیو میں کہنا تھا کہ شاہ رُخ خان اب ارب پتی بن چکے ہیں، ان کی نیٹ ورتھ 1.4 بلین ڈالر پہنچ چکی ہے۔ روپوں میں کہا جائے تو تقریباً 12,400 کروڑ روپے بنتے ہیں اور اس رقم کا اندازہ لگانا بھی مشکل ہے۔”

انہوں نے زور دے کر کہا کہ اتنی بڑی دولت کے باوجود اگر کوئی اداکار مزید اشتہارات، خاص طور پر نقصان دہ مصنوعات کے لیے کام کرتا ہے تو یہ اخلاقی سوالات کو جنم دیتا ہے۔

AAJ News Whatsapp

دھروو راٹھی نے اپنے ویڈیو میں براہِ راست شاہ رُخ خان سے سوال کیا، “کیا اتنے پیسے کافی نہیں ہیں؟ اگر کافی ہیں تو پھر کیا مجبوری ہے کہ آپ ’پان مسالہ‘ جیسی مہلک شے کو پروموٹ کر رہے ہیں؟”

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مشہور شخصیات کے فیصلے عوامی رویّوں پر گہرا اثر ڈالتے ہیں، اس لیے ان پر اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نقصان دہ مصنوعات کی تشہیر سے گریز کریں۔

دھروو راٹھی کا ویڈیو میں مزید کہنا تھا کہ، ”سوال یہ ہے کہ کیا آپ کو واقعی ان اضافی 100 یا 200 کروڑ روپے کی ضرورت بھی ہے؟ اپنے اندر جھانک کر ایمانداری سے یہ سوال پوچھیں۔ اتنی دولت کا آخر کیا کریں گے؟ دوسری طرف یہ بھی سوچیے، اگر ملک کا سب سے بڑا اداکار ایسی نقصان دہ چیزوں کی تشہیر بند کر دے تو اس کا کتنا بڑا اثر ہو سکتا ہے؟“

ویڈیو کے اختتام پر دھروو راٹھی نے اپنے ناظرین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ شیئر کریں تاکہ یہ شاہ رُخ خان تک پہنچ سکے۔ انہوں نے عوام کو بھی دعوت دی کہ وہ اس موضوع پر بحث میں حصہ لیں اور اس بات پر غور کریں کہ عوامی شخصیات کی ذمہ داریاں کیا ہونی چاہییں اور ان کے فیصلے معاشرے پر کس حد تک اثر انداز ہوتے ہیں۔

دھروو راٹھی کی اس ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر وسیع بحث شروع ہو گئی ہے، جہاں صارفین یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا اربوں روپے کمانے کے باوجود بھارتی اداکاروں کو ایسے اشتہارات کرنے چاہییں جو صحت کے لیے مضر مصنوعات سے وابستہ ہوں۔

More

Comments
1000 characters