اپنی صاف گوئی کے لیے مشہوربولی وُڈ فلم دبنگ کے ڈائریکٹر ابھینو کشپ نے اس بار سپر اسٹار عامر خان کو نشانہ بنایا ہے اور انہیں ”سب سے چالاک لومڑی“ قرار دیا ہے۔

بولی وُڈ کی چمکتی دنیا کے پیچھے چھپے طاقت کے کھیل پر بات کرتے ہوئے ابھینو کشپ نے ایک بار پھر سناٹا توڑ دیا۔ یوٹیوب چینل بولی وڈ ٹھکانہ کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے عامر خان پر انتہائی مداخلت پسند اور کنٹرول فریک ہونے کا الزام لگایا۔

’سلمان خان ’غنڈا‘ہے، خان فیملی انتقامی مزاج رکھتی ہے‘،ابھینو کشیپ کا الزام

کشپ کے مطابق، عامر خان کے ساتھ کام کرنا آسان نہیں۔ انہوں نے کہا، ’وہ سب سے چالاک لومڑی ہیں۔ حالانکہ وہ سلمان سے قد میں چھوٹے ہیں مگر کمال کے مانیپولیٹو آدمی ہیں۔ وہ سب سے زیادہ شاطر ہیں۔ میں نے ان کے ساتھ دو تین اشتہاری فلمیں بنائیں۔ وہ ایڈیٹنگ، ڈائریکشن بلکہ ہر چیز میں دخل دیتے ہیں۔ ان کے ساتھ کام کرنا بہت تھکا دینے والا اور چیلنجنگ ہے۔‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عامر خان کا ایک ”کنٹرول سسٹم“ ہے، جس میں سب کچھ ان کے حساب سے ہی چلتا ہے۔

کشپ نے عامر خان کے مشہور ”پرفیکشنسٹ“ امیج کو بھی چیلنج کیا۔ ان کے مطابق، یہ دراصل ایک بنایا گیا تاثر ہے جو حقیقت سے بہت دور ہے۔

’دبنگ‘ میں سلمان خان کی آنکھوں کی سوجن چھپانے پر 8 لاکھ روپے لگے، ابھینو کشیپ کا انکشاف

انہوں نے کہا، ’میں نے دیکھا ہے، وہ ایک سین کے 20-25 ٹیک دیتے ہیں۔ مگر پہلا اور آخری ٹیک ایک جیسے ہوتے ہیں۔ وہ ہر بار کہتے ہیں ’ایک اور لو، یہ ٹھیک نہیں ہوا‘، مگر آخر میں فرق کچھ نہیں ہوتا۔ بس محنت دکھانے کا وہم پیدا ہوتا ہے۔‘

بقول ان کے عامر کا یہ رویہ اکثر ٹیم کو تھکا دیتا ہے اور پروجیکٹ کی رفتار سست پڑ جاتی ہے۔

ابھینو کشپ نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ آخر کیوں بولی وڈ کے بڑے فلم ساز بار بار عامر خان کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ راجکمار ہیرانی اور راکیش اوم پرکاش مہرا بہت مضبوط اور قابل ڈائریکٹر ہیں۔ انہیں خود اپنی فلمیں کرنی چاہییں، مگر وہ پھر بھی عامر کے پاس چلے جاتے ہیں۔ آخر عامر میں ایسا کیا ہے جو دوسروں میں نہیں؟’ انہوں نے کہا۔

بات صرف فلموں تک محدود نہیں رہی۔ گفتگو کے دوران ابھینو کشپ نے عامر خان کی سماجی ذمہ داری پر بھی سوال اٹھایا۔

ان کا کہنا تھا، ’جب ملک میں سیلاب یا آفت آتی ہے تو بہت سے اسٹارز مدد کرتے ہیں، مگر عامر خان کہاں نظر آتے ہیں؟ ان کی فلم دنگل نے چین میں دو ہزار کروڑ کمائے، مگر جس مہاویر پھوگٹ کی زندگی پر فلم بنی، اس کے لیے انہوں نے کیا کیا؟‘

AAJ News Whatsapp

انٹرویو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر مداحوں میں بحث چھڑ گئی۔ کچھ لوگوں نے ابھینو کشپ کی صاف گوئی کو سراہا، تو کچھ نے انہیں ”تلخ اور متنازعہ“ قرار دیا۔

ایک صارف نے لکھا، ”کسی کو اتنی کھل کر بات کرتے نہیں دیکھا۔ مگر یہ الزامات اگر سچ ہیں تو عامر کی امیج کے لیے بڑا جھٹکا ہے۔“

دوسرے نے کہا، ”یہ صرف ایک ڈائریکٹر کی ناراضگی لگتی ہے، سچائی وقت ہی بتائے گا۔“

More

Comments
1000 characters