بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے نامور اداکار ستیش شاہ 74 برس کی عمر میں چل بسے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار ستیش شاہ کا انتقال ممبئی کے مقامی اسپتال میں ہوا اور وہ طویل عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ستیش شاہ کی آخری رسومات کل ممبئی میں ادا کی جائیں گی۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق اداکار کے انتقال کی خبر سب سے پہلے فلم ساز اشوک پنڈت نے دی، جنہوں نے انسٹاگرام پر ستیِش شاہ کی تصویر شیئر کی اور ایک ویڈیو پیغام میں ان کے انتقال کی تفصیلات بتائیں۔
اشوک پنڈت نے ویڈیو میں کہا کہ، ”میں ایک افسوسناک خبر شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ ہمارے دوست، عظیم اداکار ستیِش شاہ کا گردوں کے مرض کے باعث انتقال ہو گیا ہے۔ کچھ دیر قبل گھر پر ان کی طبعیت خراب ہوگئی تھی جس کے بعد انہیں فوری طور پر شیو جی پارک کے ہندوجا اسپتال لے جایا گیا، مگر تب تک وہ جانبر نہ ہو سکے۔ یہ ہماری انڈسٹری کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ میں نے ستیِش کے ساتھ بہت کام کیا ہے۔ وہ ایک بہترین انسان تھے۔“
لیجنڈری اداکار نے فلمی کیرئیر کا آغاز سن 1970 میں کیا تھا اور انہوں نے متعدد مشہور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ انہوں نے 1983 میں ریلیز ہونے والی فلم ’جانے بھی دو یارو‘ سے شہرت کمائی اور پھر کئی کردار ان کی پہچان بن گئے۔
ستیش شاہ سپر اسٹار شاہ رخ خان، سلمان خان، ہریتھک روشن، امیتابھ بچن، گوندا, عامر خان، سنجے دت، اجے دیوگن، اکشے کمار، سیف علی خان اور دیگر مقبول اداکاروں کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔
اس کے علاوہ اداکار نے چھوٹی اسکرین پر بھی قسمت آزمائی کی تھی اور وہاں بھی ہٹ ڈرامے دے چکے ہیں۔ انہوں نے ڈرامہ سیریل ’یہ جو ہے زندگی‘کی 55 اقساط میں 55 مختلف کردار ادا کیے تھے۔
ستیِش شاہ اپنے پیچھے اہلیہ مدھو شاہ کو چھوڑ گئے ہیں جو ایک معروف ڈیزائنر ہیں۔ اداکار کو آخری بار سال 2017 میں ”سارا بھائی ورسس سارا بھائی“ کے ریبوٹ میں دیکھا گیا تھا۔
























