صبح بیدار ہوتے ہی ناک بند ہونا ایک عام مسئلہ ہے جو ہر عمر کے افراد کو متاثر کرتا ہے۔ بظاہر یہ معمولی زکام لگتا ہے، مگر حقیقت میں اس کے پیچھے کئی وجوہات ہوسکتی ہیں، جیسے الرجی، ناک کی اندرونی سوزش، نیند کے دوران جسم کی پوزیشن، بلغم کا جمع ہونا یا ناک کی ہڈی کا ٹیڑھا ہونا۔

صبح کی بند ناک سے نہ صرف نیند میں سانس لینا مشکل ہوتا ہے بلکہ دن بھر کی توانائی، توجہ اور موڈ پر بھی اثر پڑتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ مسئلہ صرف بلغم کا نہیں بلکہ کئی عوامل اس میں حصہ ڈال سکتے ہیں۔ رات کے وقت خون کے بہاؤ اور ناک کی جھلی کی سوجن میں تبدیلی آتی ہے، جس سے ناک زیادہ بند محسوس ہوتی ہے۔

زیادہ یورک ایسڈ آپ کی بینائی کو متاثر کر سکتا ہے

اہم وجوہات

اندرونی الرجی

گھر کے اندر موجود گردوغبار، بستر میں موجود ڈسٹ مائٹس، پالتو جانوروں کے بال یا نمی سے پیدا ہونے والی پھپھوندی الرجی کو بڑھا دیتی ہے۔ چونکہ ہم کئی گھنٹے تکیے اور گدے کے قریب رہتے ہیں، اس لیے صبح اُٹھتے ہی ناک بند محسوس ہوتی ہے۔

غیر الرجک نزلہ

کچھ لوگوں کی ناک درجہ حرارت، خوشبو، دھوئیں یا نمی میں تبدیلی پر حساس ہوجاتی ہے۔ یہ کیفیت عموماً رات یا صبح کے وقت زیادہ ہوتی ہے۔

پوسٹ نیزل ڈرِپ یا معدے کا تیزاب

رات کے وقت ناک اور گلے میں جمع ہونے والے ہلکے بلغم سے بھی صبح ناک بند ہونے کا احساس ہوتا ہے۔ اگر معدے کا تیزاب گلے تک آجائے تو سوزش اور بلغم دونوں بڑھ جاتے ہیں۔

صرف کیلشیم نہیں، ہڈیوں کو مضبوط رکھنے کے لیے یہ غذائیں بھی ضروری ہیں

سائنوس انفیکشن یا زکام

اگر ناک سے گاڑھا مادہ نکل رہا ہو، چہرے میں دباؤ یا درد ہو، تو یہ سائنوس کی سوزش یا بیکٹیریل انفیکشن کی علامت ہوسکتی ہے۔ طویل عرصے تک ناک بند ہونا چہرے کے درد اور دباؤ کا باعث بن سکتا ہے۔

ناک کی خراب ساخت

ناک کی ہڈی ٹیڑھی ہو، پولپس ہوں یا اندرونی بافتیں سوجی ہوں تو سانس لینے کی راہ تنگ ہوجاتی ہے، خاص طور پر لیٹنے پر ناک زیادہ بند محسوس ہوتی ہے۔

رات کے وقت جسم میں فزیالوجیکل تبدیلیاں

نیند کے دوران کورٹی سول کی سطح کم ہو جاتی ہے اور خون کی روانی میں فرق آتا ہے، جس سے ناک کی رگیں پھیل جاتی ہیں۔ نتیجتاً صبح اُٹھتے وقت بندش زیادہ محسوس ہوتی ہے۔

آسان اور مؤثر گھریلو حل

بند ناک کے مسئلے سے اکثر آسان علاج سے گھر پر ہی قابو کیا جا سکتا ہے۔ کچھ موثر طریقے یہ ہیں۔

بیڈروم کو الرجی فری بنائیں

تکیے اور گدے پر ڈسٹ مائٹ کور لگائیں، بستر کو ہفتہ وار گرم پانی سے دھوئیں، پالتو جانوروں کو کمرے سے دور رکھیں ۔

نمکین پانی سے ناک کی صفائی کریں

نیٹی پوٹ یا اسپرے سے روزانہ صبح یا رات سونے سے پہلے ناک دھوئیں۔ اس سے بلغم، گردوغبار اور الرجی کے ذرات صاف ہوتے ہیں۔

ناک کے اسپرے یا دوا کا استعمال

اگر مسئلہ دائمی ہے تو ڈاکٹر کے مشورے سے کورٹی کو اسٹیرائڈ اسپرے استعمال کریں۔ یہ ناک کی سوجن کم کرتے ہیں۔

کمرے کی فضا میں نمی برقرار رکھیں

خشک ہوا ناک کی جھلی کو متاثر کرتی ہے۔ کول مِسٹ ہیومیڈیفائر استعمال کریں لیکن زیادہ نمی سے پرہیز کریں تاکہ پھپھوندی نہ لگے۔

سر اونچا رکھ کر سوئیں

تکیہ تھوڑا اونچا رکھیں تاکہ بلغم گلے میں جمع نہ ہو اور سانس لینے میں آسانی ہو۔

AAJ News Whatsapp

اگر ناک بند رہنا 12 ہفتے سے زیادہ جاری رہے، چہرے میں درد ہو، ناک سے خون آئے، بار بار انفیکشن ہو یا سونگھنے کی حس متاثر ہو، تو فوراً اسپیشلسٹ سے رجوع کریں۔

نیند سے اُٹھتے ہی ناک بند ہونا عام بات ہے، مگر اس کے پیچھے الرجی، سائنوس، سوزش یا ساختی خرابی ہوسکتی ہے۔ بروقت علاج، صفائی، نمکین پانی سے صفائی، مناسب نمی اور سونے کا درست انداز اس مسئلے کو نمایاں طور پر کم کر سکتے ہیں۔

More

Comments
1000 characters