انڈین فلموں میں گانوں کا جنون کوئی نئی بات نہیں۔ چاہے ”مغلِ اعظم“ کا تاریخی نغمہ ”جب پیار کیا تو ڈرنا کیا“ ہو یا یش راج فلمز کی رومینٹک دھنیں بالی ووڈ کے لیے گانا صرف فلم کا ایک ”حصہ“ نہیں بلکہ ایک ”جشن“ ہوتا ہے۔

کرن جوہر اور یش چوپڑا جیسے ہدایت کار آج بھی ہر گانے کو تہوار کی طرح فلماتے ہیں، دنیا کی حسین وادیوں میں شوٹنگ، لاکھوں روپے کے سیٹ اور مشہور ترین گلوکاروں کی آوازیں ہر فلم کا خاصہ رہی ہیں۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ایک ایسی فلم بھی بنی تھی جس نے سب سے زیادہ گانوں کا عالمی ریکارڈ قائم کیا اور حیرت انگیز طور پر یہ ریکارڈ 93 سال بعد بھی برقرار ہے؟

شاہ رخ 60 کی عمر میں بھی جین زی کے پسندیدہ ’لَور بوائے‘ کیوں؟

نیوز 18 کی ایک رپورٹ کے مطابق سال 1932 میں ریلیز ہونے والی فلم ”اندرا سبھا“ کو منی لال جوشی نے ڈائریکٹ کیا تھا۔ یہ فلم 211 منٹ دورانیے پر مشتمل تھی، یعنی ساڑھے تین گھنٹے سے بھی زیادہ اور اس کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں کل 72 گانے شامل تھے۔

کچھ رپورٹس کے مطابق یہ تعداد 69 اور بعض میں 71 بھی بتائی گئی، مگر گنیز ورلڈ ریکارڈز نے تصدیق کی کہ فلم ”اندرا سبھا“ میں دنیا کی کسی بھی فلم سے زیادہ گانے شامل تھے۔

”اندرا سبھا“ صرف ایک فلم نہیں بلکہ ایک سنگیت کی دنیا کا ایک انقلاب تھی، جہاں گانا کہانی تھا، اور موسیقی خود ایک کردار۔ یہی وجہ ہے کہ 1932 کی یہ شاہکار فلم آج بھی دنیا بھر کے سنیما اور موسیقی کے شائقین کے لیے ایک لیجنڈری مثال بنی ہوئی ہے۔

امیتابھ بچن کی نواسی نے فلموں سے فاصلہ کیوں رکھا؟

یہ فلم جے ایف مدن کے بینر تلے بنی تھی اور اس میں جہاں آرا کزن بائی اور ماسٹر نثار نے مرکزی کردار ادا کیا۔

جہاں آرا، مشہور طوائف سِگن بیگم کی بیٹی تھیں، جو خود ایک بہترین گلوکارہ تھیں اور اسی فلم کے ذریعے مقبول ہوئیں۔

”اندرا سبھا“ دراصل آغا حسن امانت کے 1853 کے ایک اردو ڈرامے پر مبنی تھی، جسے اردو کا پہلا مکمل اسٹیج ڈرامہ بھی کہا جاتا ہے۔

اکتوبر بالی ووڈ پر بھاری رہا، 7 بڑے فنکار یکے بعد دیگرے جان سے گئے

یہ ڈرامہ اتنا مقبول ہوا کہ بعد میں اس کا جرمن زبان میں ترجمہ بھی کیا گیا۔ لمکا بک آف ریکارڈز کے مطابق، فلم کے ہر کردار کے لیے ایک الگ گانا تیار کیا گیا تھا۔

1930 کی دہائی میں ہندوستانی سنیما اپنی ابتدائی شکل میں تھا۔ فلمیں بولنے لگی تھیں، مگر موسیقی ہی ان کی روح تھی۔

”اندرا سبھا“ کے گانے اس زمانے کے سامعین کے لیے جادوئی تجربہ تھے۔ یہ فلم نہ صرف اپنی موسیقی بلکہ اپنے اسٹیج جیسے سیٹ، رقص اور شاعرانہ مکالموں کے لیے بھی یاد رکھی جاتی ہے۔

AAJ News Whatsapp

اگر آج کے دور میں نظر ڈالیں تو سورج برجاتیا کی بلاک بسٹر فلم ”ہم آپ کے ہیں کون“میں 14 گانے تھے، جبکہ سبھاش گھئی کی تال میں 12 نغمے تھے۔

مگر ”اندرا سبھا“ کا ایک ہی فلم میں 72 گانوں کا ریکارڈ آج تک کوئی نہیں توڑ سکا۔

یعنی 93 سال گزرنے کے باوجود، یہ ریکارڈ آج بھی بالی ووڈ کی موسیقی کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جاتا ہے۔

More

Comments
1000 characters