بھارت کی کنڑ فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ہریش رائے 55 برس کی عمر میں کینسر کے باعث انتقال کر گئے۔
بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق ہریش رائے کافی عرصے سے تھائرائیڈ کینسر سے لڑ رہے تھے اور علاج کے لیے بنگلور کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں انہوں نے جمعرات کو آخری سانس لی۔ ان کی بیماری پیٹ تک پھیل چکی تھی، جس کی وجہ سے ان کا جسم کافی کمزور ہو گیا تھا۔
ہریش رائے کو فلم ”اوم“ (1995) میں شیواج کمار کے ساتھ ڈان ’’رائے‘‘ کے روپ میں اور بلاک بسٹر فلم ”KGF“ میں چاچا ’’خاصم‘‘ کے کردار سے شہرت ملی۔
ڈی کے شیوکمار کا اظہار افسوس
کرناٹک کے نائب وزیرِ اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر ہریش رائے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ کنڑ سینما کے معروف ولن اداکار ہریش رائے کا انتقال بے حد افسوسناک واقعہ ہے، کینسر سے ان کی جدوجہد کے بعد رخصتی نے فلم انڈسٹری کو ایک قابل اور بااثر فنکار سے محروم کر دیا۔
ڈی کے شیوکمار نے مزید کہا کہ فلموں اوم، ہیلو یاما، KGF اور KGF 2 میں ہریش رائے نے لاجواب اداکاری کا مظاہرہ کیا اور سب کی توجہ حاصل کی، میں دعا گو ہوں کہ ان کی روح کو سکون ملے اور خدا ان کے اہلِ خانہ اور چاہنے والوں کو اس غم کو برداشت کرنے کی ہمت دے۔
فلمی سفر اور کامیابیاں
ہریش رائے نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران کنڑ، تمل اور تیلگو فلموں میں کام کیا۔ ان کی مشہور فلموں میں اوم، سمرا، بنگلور انڈرورلڈ، راج بہادر، سنجو ویڈز گیتا، کے جی ایف سیریز کے دونوں پارٹ شامل ہیں۔ تاہم فلم اوم اور KGF فرنچائز نے انہیں عوامی مقبولیت کی نئی بلندیوں پر پہنچایا، جہاں ان کے کردار آج بھی مداحوں کو یاد ہیں۔
مرحوم اپنے پیچھے بیوہ اور دو بیٹوں کو سوگوار چھوڑ گئے۔ ہریش رائے کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری کی جانب سے دکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔

























