بالی ووڈ کی یادگار بلاک بسٹر فلم ’شعلے‘ کے لازوال گانے اور دل کو چھو لینے والے مکالمے آج بھی شائقین کے ذہن میں زندہ ہیں، لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ فلم کا اصل اختتام بالکل مختلف اور کہیں زیادہ پرتشدد تھا۔
فلم ”شعلے“ 12 دسمبر کو پورے بھارت میں ریسٹورڈ 4K ورژن کے ساتھ اپنی 50 ویں سالگرہ کے موقع دوبارہ ریلیز ہونے جا رہی ہے، جس میں شائقین کو پہلی بار فلم کا اصل اور کبھی نہ دکھایا گیا اختتام دیکھنے کا موقع ملے گا۔
فلم ’شعلے‘ کے حذف شدہ مناظر جو اے آئی سامنے لے آیا
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق فلم کے ڈائریکٹر رمیش سپی نے بتایا ہے کہ 1975 میں فلم کی ریلیز سے پہلے، سینسر بورڈ نے اصل کلائمکس کو بہت پرتشدد قرار دیا۔ اُس وقت بھارت میں ایمرجنسی نافذ تھی، جس کی وجہ سے تخلیقی آزادی پر سخت پابندیاں تھیں۔
اصل اسکرپٹ کے مطابق، ٹھاکر بلدیو سنگھ (سنجیو کمار) انتقام کے طور پر گبّر سنگھ (امجد خان) کو اپنے نوک دار جوتوں سے قتل کر دیتے ہیں۔ یہ سین انتہائی خونریز اور جذباتی تھا، جس کی وجہ سے سینسر بورڈ نے فلم کے اختتام میں تبدیلی کی ہدایت دی۔ نتیجتاً، ریلیز شدہ ورژن میں پولیس آ کر ٹھاکر کو روکتی ہے اور گبّر سنگھ کو گرفتار کروا دیا جاتا ہے، جبکہ قتل کے مناظر ہٹا دیے جاتے ہیں۔
فلم کے شریک مصنف جاوید اختر کے بیٹے فرحان اختر کا کہنا ہے کہ اصل اختتام کافی خونریز اور جذباتی تھا، جس میں ٹھاکر کا انتقام زیادہ شدید اور ڈرامائی انداز میں دکھایا گیا۔ لیکن سینسر بورڈ کی ہدایات کے تحت مصنفین کو اختتام میں تبدیلی کرنی پڑی تاکہ فلم ریلیز ہو سکے۔
فلم ’شعلے‘ کا پُرتشدد اور ظالمانہ قرار دے کر حذف کیا گیا سین منظر عام پر
فرحان اختر نے کہا کہ مصنفین جاوید اختر اور سلیم خان کے پاس سینسر بورڈ کی ہدایات کے بغیر کوئی چارہ نہیں تھا، حالانکہ وہ سمجھتے تھے کہ نیا اختتام کہانی کے جذباتی مرکز کو کمزور کر دیتا ہے۔ اصل کہانی ٹھاکر کے انتقام کے سفر پر مبنی تھی، جو اصل میں زیادہ ڈرامائی اور شدید اختتام میں عیاں ہوتا۔
’شعلے‘ میں امیتابھ بچن، دھرمیندر، ہیما مالینی، جیا بچن، اسرانی اور امجد خان کی شاندار اداکاری شامل ہے۔ اپنی کہانی، موسیقی اور کرداروں کی وجہ سے یہ فلم آج بھی بھارت اور دنیا بھر میں یادگار اور محبوب سمجھی جاتی ہے۔
اب، ’شعلے: دی فائنل کٹ‘ کے نام سے ریسٹورڈ ورژن میں شائقین کو وہ اصل اختتام دیکھنے کا موقع ملے گا جو پچھلے 50 سالوں تک صرف سپی کی یادداشتوں میں محفوظ تھا۔
























