سوشل میڈیا پر بہت عرصے سے بولی ووڈ فلم ”دھُرندھر“ کے متعلق چہ مگوئیاں جاری تھیں۔ اس کی کاسٹنگ، شوٹنگ، کہانی سب ایک راز بنا ہوا تھا۔ مگر منگل کو جب ٹریلر جاری ہوا تو سب کچھ بدل گیا۔ فلم کے میکرز نے اسے ”ناقابلِ یقین سچے واقعات“ پر مبنی قرار دیا، اور جیسے ہی ٹریلر ریلیز ہوا، سوشل میڈیا اصلی کرداروں کے پیچھے چھپی حقیقت جاننے میں لگ گیا۔
دھُرندھر 5 دسمبر کو بھارت کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
فلم کے ہیرو رنویر سنگھ، ڈائریکٹر آدتیہ دہر اور ایک پاور فل اسٹار کاسٹ کے ساتھ دھُرندھر اب ریلیز ہونے کے قریب ہے، اور ان کرداروں کے پیچھے چھپی کہانیاں فلم سے زیادہ سنسنی خیز ہیں۔
رنویر سنگھ ممکنہ طور پر میجر موہت شرما کے کردار میں

ٹریلر میں رنویر سنگھ کے کردار کا نام سامنے نہیں آیا، مگر بھارتی میڈیا نے ان کا حلیہ دیکھ کر اندازہ لگایا ہے کہ وہ میجر موہت شرما کا کردار نبھا رہے ہیں۔ انہیں بھارت کی جانب سے اشوک چکر بھی ملا تھا، جو کہ ایک اعلیٰ اعزاز ہے۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اصل زندگی میں میجر موہت شرما نے ’افتخار بھٹ‘ کے نام سے مجاہدینِ کشمیر کے گروپس میں انڈر گراؤنڈ رہتے ہوئے آپریشن کیے اور ایک آپریشن کے دوران مارے گئے۔
ارجن رامپال بطور الیاس کشمیری

ٹریلر کا آغاز ارجن رامپال کے کردار میجر اقبال سے ہوتا ہے جو ایک مبینہ بھارتی فوجی پر خوفناک تشدد کر رہا ہے۔ بھارتی میڈیا نے اس منظر کو کارگل جنگ سے جوڑا۔
ارجن رامپال کا کردار اصل میں الیاس کشمیری سے متاثر ہے، جن کا تعلق القاعدہ اور 26/11 ممبئی حملوں سے جوڑا جاتا رہا ہے۔
آر مادھون خفیہ ایجنسی چیف اجیت دوول کے روپ میں

فلم میں آر مادھون اجے سینیال نامی ایک تجربہ کار را افسر کا کردار نبھا رہے ہیں۔ ان کا آدھا گنجا سر، چشمہ اور باڈی لینگویج دیکھ کر سوشل میڈیا فوراً سمجھ گیا کہ یہ کردار بھارت کے موجودہ قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول** سے متاثر ہے۔
اکشے کھنہ اور کراچی کا بدنام گینگسٹر رحمان ڈکیت

اکشے کھنہ فلم میں رحمان ڈکیت جیسے خطرناک، بے رحم اور سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے کردار میں نظر آتے ہیں۔
حقیقی زندگی میں سردار عبد الرحمٰن بلوچ المعروف رحمان ڈکیت کراچی کا بدنام گینگسٹر تھا، جس نے پیپلز امن کمیٹی بنائی اور 2009 میں ایک پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
کہا جاتا ہے کہ رحمان ڈکیت کا قتل اس کی اپنی سیاسی سرپرستی سے اختلافات کا نتیجہ ہے۔
سنجے دت: ایس پی چوہدری اسلم

سنجے دت ٹریلر میں سگریٹ پیتے، ڈرامائی اسٹائل میں داخل ہوتے ہیں۔ وہ ایس پی چوہدری اسلم کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
چوہدری اسلم کراچی پولیس کے مشہور انکاؤنٹر اسپیشلسٹ تھے، جنہوں نے رحمان ڈکیت اور دیگر گینگسٹرز کے خلاف بڑے آپریشن کیے۔
وہ کئی حملوں سے بچتے رہے لیکن 2014 میں ٹی ٹی پی کے خودکش حملے میں شہید ہوئے۔
فلم کی کاسٹنگ کی دلچسپ کہانی
کاسٹنگ ڈائریکٹر مکیش چھابڑا کے مطابق، سنجے دت، اکشے کھنہ اور مادھون کا انتخاب آسان نہیں تھا لیکن ان کی شخصیات حقیقی کرداروں سے اچھی طرح میل کھاتی تھیں۔
مادھون نے پہلے اپنا نیم گنجا لُک دیکھ کر ہنسی میں ٹال دیا لیکن بعد میں وہ راضی ہو گئے۔
























