معروف فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کی وائٹ ہاؤس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اعزاز میں رکھے گئے ڈنر کے دوران لی گئی سیلفی سوشل میڈیا پر دھوم مچا رہی ہے، جس میں کاروبار، ٹیکنالوجی اور کھیلوں کی دنیاکی اہم عالمی شخصیات ایک ساتھ نظر آئیں۔
پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے منگل کے روز وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اعزاز میں رکھے گئے خصوصی عشائیے میں شرکت کی۔
اس عشائیے میں جہاں امریکی سیاسی قیادت موجود تھی وہیں دیگر شعبہ جات سے وابستہ کئی عالمی شخصیات بھی شریک نظر آئیں۔
اس موقع پر کرسٹیانو رونالڈو کی ایک سیلفی دیکھتے ہی دیکھتے انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی ہے۔
اس تصویر میں کرسٹیانو رونالڈو اپنی شریکِ حیات جارجینا روڈریگز کے ساتھ موجود ہیں۔ انکے ہمراہ ٹیسلا کے بانی ایلون مسک اور فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو موجود ہیں۔
امریکی سیکریٹری آف کامرس ہاورڈ لٹنک، وائٹ ہاؤس کے اے آئی اور کرپٹو کے ماہر ڈیوڈ ساکس اور اوپن اے آئی کے صدر اور شریک بانی گریگ بروک مین بھی تصویر میں نظر آ رہے ہیں۔
ڈنر کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی رونالڈو کی موجودگی کا خصوصی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ ہال دنیا کے بڑے کاروباری اور اسپورٹس شخصیات سے بھرا ہوا ہے۔ میرا بیٹا رونالڈو کا بہت بڑا فین ہے اور رونالڈو سے ملنے کے بعد وہ والد کی تھوڑی زیادہ عزت کرنے لگا ہے۔‘
کرسٹیانو رونالڈو سعودی پرو لیگ کلب النصر کے ساتھ معاہدے کے تحت 2027 تک وابستہ رہیں گے۔ رونالڈو اب تک اپنے کیریئر میں کلب اور قومی ٹیم کی جانب سے 950 سے زائد گول اسکور کر چکے ہیں۔
دفاعی معاہدہ؛ ٹرمپ نے سعودی عرب کو اہم نان نیٹو اتحادی قرار دے دیا
واضح رہے کہ سعودی ولی عہد منگل کے روز امریکا کے دورے پر پہنچے، جس دوران امریکا اور سعودی عرب کے درمیان ایک اہم اسٹریٹجک دفاعی معاہدے پر باضابطہ طور پر دستخط ہوچکے ہیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق اس معاہدے کے بعد سعودی عرب پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ ہو گیا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اب نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات میں ولی عہد نے امریکا میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بڑھا کر تقریباً ایک کھرب ڈالر تک لے جانے کا بھی اعلان کیا ہے۔
























