بولی وڈ فلم ’دھرندھر‘ فلم شائقین میں مقبولیت حاصل کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ فلم کے متعدد کلپس اور گانے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔
پانچ دسمبر کو ریلیز ہونے والی فلم کی کاسٹ میں سنجے دت، اکشے کھنہ اور رنویر سنگھ سمیت بولی وڈ کے کئی بڑے نام شامل ہیں۔ فلم کی ایک خاص بات بھارتی ٹی وی کے مشہور اداکاروں کی بڑی اسکرین پر انٹری ہے، جن کی اداکاری اور کرداروں کو بھی خوب پسند کیا جا رہا ہے۔
یہ اداکار پہلے ہی ٹی وی پر اپنے مقبول کرداروں کی بدولت لوگوں میں اپنی پہچان بنا چکے ہیں اور ان کے مداحوں کا مضبوط حلقہ فلم کی مقبولیت میں اضافہ کر رہا ہے۔
آئیے ہم دھرندھر کی کاسٹ میں شامل ٹی وی اداکاروں پر نظر ڈالتے ہیں۔
دُھرندھر، سیارہ، پُشپا: بولی وُڈ کے ’ٹاکسک‘ اور ’ریڈ فلیگ‘ ہیرو رومانس کا ٹرینڈ کیوں بن رہے ہیں؟
1۔ راکیش بیدی
راکیش بیدی ٹی وی پر اپنی کامیڈی کے لیے مشہور ہیں۔ ”دھرندھر“ میں وہ ایک پاکستانی سیاست دان جمیل جمالی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ ان کی پرفارمنس میں سنجیدگی اور مزاح کا بہترین امتزاج ہے، جو ایک خشک اور سنجیدہ موضوع کو نیا مزہ دیتی ہے۔
2۔ سومیا ٹنڈن
سومیا ٹنڈن جو ”بھابھی جی گھر پر ہیں“ میں انیتا بھابی کے کردار سے مشہور ہیں، اس فلم میں ایک بالکل مختلف کردار میں نظر آتی ہیں۔ انہوں نے فلم میں اکشے کھنہ کی بیوی ”الفت“ کا کردار ادا کیا ہے۔ ان کا انٹری سین بہت طاقت ور ہے، جہاں وہ اپنے شوہر سے اپنے بیٹے کی موت پر سخت سوال کرتی ہیں۔
3۔ عائشہ خان اور کرسٹل ڈی سوذا
”دھرندھر“ کی خاص بات یہ ہے کہ فلم کے تخلیق کاروں نے روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر ٹی وی کے معروف اسٹارز کو اسپیشل ڈانس نمبرز میں بھی شامل کیا ہے۔”دھرندھر“ میں عائشہ خان اور کرسٹل ڈی سوذا کا رقص فلم کے ایکشن اور تھریلر کے ماحول میں ایک نیا رنگ بھرتا ہے۔
بولی وڈ فلم ’دُھرندھر‘ بھارتی سنیما گھروں میں ریلیز
منو گوہل
منو گوہل نے ٹی وی پر سنجیدہ کردار کے ذریعے شہرت پائی ہے۔ وہ اس فلم میں آئی بی کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے روپ میں نظر آتے ہیں۔ ان کی نیچرل پرفارمنس کہانی کو اور بھی دلچسپ بناتی ہے۔ منو کی پرفارمنس یہ ثابت کرتی ہے کہ وہ ٹی وی پر دہائیوں سے تو کامیاب ہیں ہی مگر سنیما میں بھی اپنی جگہ بنانے کے حق دار ہیں۔
بھارتی ٹی وی کے یہ جانے پہچانے چہرے اپنی پرفارمنس سے فلم میں ایک نیا جوش اور توانائی لارہے ہیں، جو فلم کی کامیابی کا اہم تقاضہ ہے۔
























