مارول اسٹوڈیوز کی آنے والی فلم ایوینجرز: ڈومز ڈے سے منسوب ایک غیر مصدقہ ٹیزر نے مداحوں میں اسٹیو راجرز یعنی کیپٹن امریکہ کے مستقبل پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ آن لائن گردش کرنے والی رپورٹس کے مطابق یہ ٹیزر مبینہ طور پر کچھ سنیما گھروں میں دکھایا گیا، تاہم مارول کی جانب سے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
اس مبینہ کلپ کے سامنے آنے کے بعد شائقین یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا مارول اپنی مشہور فلم ایوینجرز: اینڈ گیم کے اختتام کو دوبارہ چھیڑنے جا رہا ہے۔ اینڈ گیم کے آخر میں اسٹیو راجرز کو ماضی میں پیگی کارٹر کے ساتھ ایک پرسکون زندگی گزارتے دکھایا گیا تھا، جسے کیپٹن امریکہ کے سفر کا جذباتی اختتام سمجھا جاتا ہے۔
تاہم چند رپورٹس اور سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز دیکھر کر عندیہ ملتا ہے کہ اس مبینہ ٹیزر میں بھی اسی منظر کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔ بعض مداحوں کا دعویٰ ہے کہ کلپ کے آخر میں ایسا منظر دکھایا گیا جو ایوینجرز: ڈومز ڈے میں اسٹیو راجرز کی واپسی کا عندیہ دیتا ہے۔
تاہم نہ تو مارول اسٹوڈیوز نے اس فوٹیج کی تصدیق کی ہے اور نہ ہی اداکار کرس ایوانز کی واپسی کے بارے میں کوئی اعلان سامنے آیا ہے۔
یہ دعوے بھی کیے جا رہے ہیں کہ یہ ٹیزر فلم اواتار: فائر اینڈ ایش سے پہلے کچھ مخصوص سینما گھروں میں دکھایا گیا، لیکن اس کی بھی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔ اسی غیر یقینی صورتحال کے باعث یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ شاید یہ کوئی غیر ارادی لیک نہیں بلکہ مارول کی جانب سے سوچا سمجھا قدم ہو، تاکہ شائقین میں تجسس اور گفتگو کو بڑھایا جا سکے۔
حالیہ برسوں میں مارول کو تنقید کا سامنا رہا ہے کہ وہ انفینٹی ساگا جیسا اثر دوبارہ پیدا کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا، جبکہ اینڈ گیم کو آج بھی مارول اسٹوڈیو کی سب سے بڑی کامیابی سمجھا جاتا ہے۔
اس پس منظر میں اسٹیو راجرز جیسے مقبول کردار کی ممکنہ واپسی کو نوسٹیلجیا جگانے اور ناظرین کے ردعمل کو جانچنے کی ایک حکمت عملی بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
فی الحال مارول اسٹوڈیوز نے نہ تو ٹیزر کی تصدیق کی ہے، نہ کرس ایوانز نے کیپٹن امریکہ کے کردار میں واپسی کا اعلان کیا ہے اور نہ ہی ایوینجرز: ڈومز ڈے کی کہانی سے متعلق کوئی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔
روسو برادران کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم دسمبر 2026 میں ریلیز ہونے والی ہے، جس میں مارول کے کئی بڑے ستاروں کی واپسی متوقع ہے۔ جب تک مارول خود اس معاملے پر وضاحت نہیں کرتا، یہ سوال برقرار رہے گا کہ آیا اسٹوڈیو واقعی اپنے سب سے یادگار اختتام کی طرف لوٹنے جا رہا ہے یا محض مداحوں کی قیاس آرائیوں کو جاری رہنے دے رہا ہے۔
























