ہم میں سے اکثر لوگ اگر بیگ خریدنا چاہیں تو بازار جاتے ہیں، پسند کرتے ہیں اور قیمت ادا کر کے چیز خرید لیتے ہیں۔ لیکن رکیں جناب دنیا یہیں ختم نہیں ہوجاتی ہینڈ بیگ لینا اب اتنا بھی آسان نہیں۔ دنیا کے مہنگے ترین بیگز کا حصول ایک پوری داستان ہے، جس میں پیسہ، تعلقات اور انتظار ہی آپ کو کامیاب بنا سکتے ہے۔

ہینڈ بیگ کی خریداری کے لئے یہ انتظار چند ہفتوں کا نہیں ہوتا بلکہ اکثر یہ مہینوں اور بعض کے لیے پورے سال کا امتحان بن جاتا ہے۔یہاں خریداری کا مطلب صرف پیسے دینا نہیں، بلکہ انتظار، تعلقات اور ”اہلیت“ ثابت کرنا ہوتا ہے۔ تو آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں ایسے ہی ایک برینڈ کے بارے میں۔ یہ ہے ہرمیس کا برکن بیگ، جی ہاں ہم آپ کو ‘برکن’ بیگ کی دنیا میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

دنیا کے مہنگے ترین ہینڈ بیگز میں شمار ہونے والا ہرمیس کا برکن بیگ خریدنے کے لیے خریدار سیدھا دکان سے بیگ نہیں اٹھا سکتا۔ پہلے اسے ہرمیس کے اسٹورز پر باقاعدہ اپائنٹمنٹ لینا پڑتی ہے۔ اس کے بعد وہاں موجود سیلز ایگزیکٹو کے ساتھ آہستہ آہستہ تعلق بنانا ہوتے ہے، اسے بتایا جاتا ہے کہ آپ کیا چاہتے ہیں، جس کے لئے مطلوبہ بیگ عموماً فوراً دستیاب نہیں ہوتا اور اکثر مہینوں یا بعض اوقات سال بھر انتظار کرنا پڑتا ہے۔

بات یہیں ختم نہیں ہوجاتی بلکہ ان بیگز کے حصول کے لیے گاہک سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ برانڈ کی دیگر مصنوعات، جیسے ملبوسات، جوتے، بیلٹس اور اسکارف کی خریداری کے ذریعے اپنی وفاداری ثابت کرے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سیلز اسٹاف کو برکن بیگ کی فروخت پر کوئی کمیشن نہیں ملتا، البتہ دیگر اشیاء کی فروخت سے انہیں فائدہ ہوتا ہے، جس کے باعث برانڈ کے ساتھ مستقل تعلق کو خاص اہمیت دی جاتی ہے۔

لگژری گاڑی کا خواب اب پورا کریں: ’کِیا اسپورٹیج‘ کی قیمت میں ساڑھے 18 لاکھ روپے کی کمی

ہرمیس (Hermes) کا برکن بیگ 1984 میں فرانسیسی کمپنی نے اداکارہ اور گلوکارہ جین برکن کے نام پر متعارف کرایا۔ یہ بیگ مکمل طور پر ہاتھ سے تیار کیا جاتا ہے، عموماً چمڑے سے بنایا جاتا ہے اور صرف ہرمیس کے مخصوص اسٹورز پر دستیاب ہوتا ہے۔

برکن بیگ کی ابتدائی قیمت تقریباً 10 ہزار امریکی ڈالر سے شروع ہوتی ہے، مگر نایاب ڈیزائن اور خاص میٹریل والے بیگز نیلامیوں میں کئی گنا زیادہ قیمت پر فروخت ہوتے ہیں۔ نیلامیوں میں اس بیگ نے کئی عالمی ریکارڈ قائم کیے ہیں. ایک خاص ہمالیائی برکن، جو ہیرے جواہرات سے مزین تھا، چند سال قبل لاکھوں ڈالر میں نیلام ہوا۔ جولائی 2025 میں جین برکن کا اصل پروٹوٹائپ بیگ دس ملین ڈالر (2 ارب 80 کروڑ 63 لاکھ 60 ہزار پاکستانی روپے) میں فروخت ہو کر ریکارڈ قائم کر چکا ہے۔

ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے نئے لگژری باتھ روم کی تصاویر شیئر کردیں

ہرمیس کا مؤقف ہے کہ برکن بیگز کی محدود دستیابی کسی مارکیٹنگ حکمتِ عملی کا نتیجہ نہیں بلکہ دستکاری سے وابستگی کا اظہار ہے۔ ہر بیگ مکمل طور پر ہاتھ سے تیار کیا جاتا ہے اور ایک ماہر کاریگر ایک وقت میں صرف ایک ہی بیگ پر کام کرتا ہے۔ مخصوص سلائی اور اعلیٰ معیار کے باعث ایک برکن بیگ تیار ہونے میں کئی ہفتے یا مہینے لگ سکتے ہیں، اسی لیے طلب کے مقابلے میں رسد ہمیشہ کم رہتی ہے۔محدود دستیابی، ہاتھ سے تیاری، اور بڑھتی ہوئی مانگ کے باعث برکن بیگ کو اکثر سرمایہ کاری کے ایک ذریعے کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے، جس کی قیمت وقت کے ساتھ بڑھتی رہتی ہے۔

لگژری گھڑیوں کے معروف برانڈ ’رولیکس‘ کا بانی ہٹلر کا جاسوس تھا؟

ماہرین کے مطابق ہرمیس عام طور پر ایک گاہک کو سال میں ایک یا زیادہ سے زیادہ دو کوٹا بیگز خریدنے کی اجازت دیتا ہے۔ اس پابندی نے برکن بیگ کو مزید نایاب بنا دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بعض خریدار اسٹور سے خریدنے کے بجائے ری سیل مارکیٹ یا نیلامیوں کا رخ کرتے ہیں، جہاں قیمت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔

فیشن انڈسٹری کے مبصرین کے مطابق برکن بیگ کا حصول پیسے سے زیادہ خواہش کو مہینوں تک مؤخر رکھنا، مستقل مزاجی اور برانڈ سے جذباتی وابستگی کا امتحان ہے۔ یہی عنصر اسے دیگر لگژری مصنوعات سے منفرد بناتا ہے۔ وقت کے ساتھ برکن بیگ محض ایک فیشن آئٹم نہیں رہا بلکہ دولت، حیثیت اور انفرادیت کی علامت بن چکا ہے.

More

Comments
1000 characters