بولی ووڈ اداکارہ ندھی اگروال کو فلم ’دی راجا صاحب‘ کے گانے ”ساہنا ساہنا“ کی لانچ تقریب کے دوران ایک بے قابو ہجوم نے گھیر لیا، جس کے بعد مداحوں اور سوشل میڈیا پر سیکیورٹی اور ایونٹ مینجمنٹ کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ندھی جیسے ہی ایونٹ سے باہر نکلنے کی کوشش کرتی ہیں لوگوں کا ہجوم انہیں چاروں طرف سے گھیر لیتا ہے، جس کے باعث وہ بڑی مشکل سےاپنی گاڑی میں سوار ہو پاتی ہیں۔
دھرندھر سے عمران خان تک: پاکستان کے ’برگر بچے‘
ندھی کے چہرہ پرپریشانی کے آثار صاف نظر آرہے تھے اور سیکیورٹی گارڈز کی مدد سے انہیں وہاں سے نکالا گیا۔ گاڑی میں سوار ہونے کے بعد ندھی نے سکھ کا سانس لیا اور کہا، ”گاڈ، یہ کیا تھا؟“
اس واقعے نے سوشل میڈیا پر بحث کا آغاز کر دیا کہ ایونٹس میں سیلیبریٹیز کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے ندھی کی حفاظت کے حوالے سے مداحوں اور نیٹیزنز کی طرف سے فکرمندی کا اظہار کیا گیا۔ معروف گلوکارہ چن مئی سری پاڈا نے اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا، ”مردوں کا ایک گروہ جو لکڑ بگّے سے بھی بدتر سلوک کر رہا ہے۔ دراصل، لکڑ بگّےکی کیوں بے عزتی کریں؟ ’ہم خیال‘ مردوں کو اکٹھا کر لو، تو وہ ایک عورت کے ساتھ ایسے ہی سلوک کریں گے۔“
ایک اور صارف نے ایونٹ کے انتظامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا، ”یہ بھیڑ کا قصور نہیں ہے، فلم کی ٹیم کو ذمہ دار ٹھہرائیں۔ کیا یہی طریقہ ہے کہ فلمی ایونٹس کو منظم کیا جائے؟“
کچھ افراد نے اس موقع پر کہا کہ ”یہ مداح نہیں بلکہ لکڑ بگّے ہیں جو مداحوں کے بھیس میں چھپے ہوئے ہیں۔“

اب تک ندھی اگروال یا دی راجا صاحب کی ٹیم کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، لیکن سوشل میڈیا پر لوگوں نے ایونٹس میں سیکیورٹی کے بہتر انتظامات کی اپیل کی ہے۔
ارجن رام پال نے 7 سالہ افیئر کے بعد گرل فرینڈ سے منگنی کرلی
ندھی اگروال نے اپنے کیریئر کا آغاز ہندی فلم منا مائیکل سے کیا تھا، اور اس کے بعد وہ تیلگو اور تمل فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں جن میں آئی اسمارٹ شنکر، ہری ہرا ویرا مالو اور ایسوران شامل ہیں۔ وہ اگلی بار دی راجا صاحب میں نظر آئیں گی، جو ایک ہارر کامیڈی فلم ہے۔
دی راجا صاحب کی ہدایت ماروتھی نے دی ہے، اور کاسٹ میں پربھاس، سنجے دت، مالاویکا موہنن اور رِدھی کمار بھی شامل ہیں۔ یہ فلم 9 جنوری کو ریلیز ہونے والی ہے۔
























