بولی ووڈ کی چمکتی دمکتی دنیا میں کئی نئے چہرے آتے اور چلے جاتے ہیں، مگر کچھ چہرے ہمیشہ اپنی منفرد پہچان کے سبب خبروں میں اور لوگوں کے ذہنوں میں تازہ رہتے ہیں۔
ایسی ہی ایک اداکارہ ہیں اسنیہا اولال، جو اپنی شباہت کی وجہ سے ہمیشہ میڈیا کی سرخیوں میں رہیں۔ ان کا چہرہ ایشوریا رائے سے مشابہ ہونے کی وجہ سے انہیں ابتدا میں بہت شہرت ملی، مگر وقت کے ساتھ ساتھ یہی پہچان ان کے کیریئر کی سب سے بڑی رکاوٹ بن گئی۔
اسنیہا اولال 18 دسمبر 1987 کو عمان میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کا بچپن وہیں گزارا اور ابتدائی تعلیم عمان میں ہی حاصل کی۔ بعد میں اپنی والدہ کے ساتھ ممبئی آ کر کالج کی تعلیم مکمل کی۔

اسنیہا کا خاندان فلمی دنیا سے بہت دور تھا اور انہوں نے کبھی بھی اداکارہ بننے کا ارادہ نہیں کیا تھا۔ لیکن ان کی زندگی میں ایک اہم موڑ اس وقت آیا جب ان کی دوستی سلمان خان کی بہن ارپیتا خان سے ہوئی، جو ان کے کیریئر کی تبدیلی کا سبب بنی۔
اس وقت اسنیہا کی عمر صرف 17 سال تھی، اور سلمان خان سے ملاقات بھی ارپیتا خان کے ذریعے ہی ہوئی تھی۔ سلمان خان نے انہیں فلموں میں کاسٹ کرنا چاہا، کیونکہ انہوں نے اسنیہا کی ایشوریا رائے سے مشابہت کو نوٹس کر لیا تھا۔ سلمان کی توجہ حاصل ہونے کے بعد، اسنیہا کو فلم ”لکی: نو ٹائم فار لو“ میں کاسٹ کیا گیا۔

یہ فلم 2005 میں ریلیز ہوئی اور اسنیہا کو فوراً میڈیا کی توجہ حاصل ہوگئی۔ فلم نے اگرچہ باکس آفس پر کوئی خاص کامیابی نہیں حآصل کی، لیکن اسنیہا کی خوبصورتی اور ایشوریا رائے سے مشابہت کا موازنہ ہر جگہ ہونے لگا۔

رفتہ رفتہ یہی پہچان اسنیہا کے کیریئر کی سب سے بڑی رکاوٹ بنتی گئی۔ اسنیہا اکثر یہ کہتی ہیں کہ وہ ایشوریا رائے کی بڑی مداح ہیں، مگر انہیں اپنی شناخت اپنے کام سے بنانی تھی، نہ کہ کسی اور کی پرچھائی بن کر۔
ان کے مطابق، لوگ انہیں ایک نئی اداکارہ کے طور پر نہیں، بلکہ ”دوسری ایشوریا“ کے طور پر دیکھتے تھے اور یہ موازنہ ان کے کیریئر کے لیے مشکل بن گیا۔
فلم ”لکی“ کے بعد اسنیہا نے بالی ووڈ میں مزید کچھ اور فلموں ”آریان“، ”کلک“ اور ”جانے بھی دو یارو“ میں کام کیا، مگر وہ اتنی کامیابی حاصل نہ کر سکیں جتنی انہیں امید تھی۔ اس کے بعد اسنیہا نے ساؤتھ سنیما کا رخ کیا، جہاں انہیں اصل کامیابی ملی۔
تیلگو فلم ”الاسنگا اتساہنگا“ ان کے کیریئر کی سب سے بڑی ہٹ فلم ثابت ہوئی، اور اس فلم کے لیے انہیں بیسٹ ڈیبیو ایکٹریس کا ایوارڈ بھی ملا۔ بعد میں ”سِمھا“ جیسی بلاک بسٹر فلم نے انہیں ساؤتھ انڈسٹری میں ایک مضبوط مقام دلایا۔

جب اسنیہا کا کیریئر آہستہ آہستہ پٹری پرآ رہا تھا، تو وہ ایک سنگین بیماری ”آٹو امیون ڈس آرڈر“ کا شکار ہو گئیں۔ ان کی حالت اتنی خراب ہو گئی کہ وہ 30 سے 40 منٹ سے زیادہ کھڑی بھی نہیں رہ سکتی تھیں، جس کی وجہ سے انہیں فلموں سے طویل وقفہ لینا پڑا۔ اس دوران اسنیہا نے لائم لائٹ سے دور رہ کر اپنی صحت پر توجہ دی۔
تقریباً چھ سال کے وقفے کے بعد اسنیہا نے 2022 میں فلم ”لو یو لوک تنتر“ سے واپسی کی۔ وہ مانتی ہیں کہ ایشوریا رائے کی ہم شکل ہونا ان کے کیریئر کے آغاز میں ایک نعمت تھا، مگر طویل عرصے تک یہی ٹیگ ان کے لیے بوجھ بن گیا۔ اس کے باوجود انہوں نے ثابت کر دکھایا کہ وہ ایک کامیاب اداکارہ بننے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور اب انہیں اپنی شناخت اپنے کام سے مل چکی ہے۔
























