امریکی ٹینس کی ممتاز کھلاڑی وینس ولیمز نے فلوریڈا کے پام بیچ میں اطالوی اداکار، ماڈل اور ڈیزائنر آندریا پریٹی سے شادی کرلی۔
وینس اور آندریا کی محبت اور دوستی کا چرچا گزشتہ کچھ عرصے سے رہا ہے۔ جوڑے کی شادی کی تقریبات چھ روز تک جاری رہیں۔ خاندان کے قریبی افراد اور دوستوں نے ان تقریبات میں شرکت کی۔
وینس ولیمز نے بتایا کہ اس موقع پر ان کی بہن سرینا ولیمز نے ایک قیمتی یاٹ تحفے میں دیا، جس میں خاندان کے قریبی افراد کے لیے عشائیہ کا بھی انتظام کیا گیا۔ سرینا نے یاٹ میں تمام کھانے کا خصوصی انتظام خود کیا، جسے وینس نے بہت سراہا۔

وینس نے مزید کہا، ”یاٹ پر تقریباً 10 سے 12 خاندان کے افراد اور دوست موجود تھے، ہم نے تقریباً ہفتہ بھر خوشیوں اور یادگار لمحات کے ساتھ گزارا۔“
واضح رہے کہ وینس ولیمز اور آندریا پریٹی کی پہلی ملاقات 2024 میں میلان میں ایک فیشن شو کے دوران ہوئی تھی، جبکہ جوڑے کی منگنی کی تقریب جولائی 2025 میں منعقد ہوئی تھی۔
اس موقع پر سرینا ولیمز نے بھی وینس کے لیے دل سے محبت بھرا پیغام لکھا اور شادی کی یادگار تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔
























