دفتری تعطیلاتی یا کسی بھی محفل کے موقع پر کی جانے والی پارٹیز جو اکثر تحائف کے تبادلے اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ منعقد کی جاتی ہیں، اکثر شرمیلے اور سماجی بے چینی کا شکار افراد کے لیے چیلنج بن جاتی ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ریان آرنلڈ نامی شخص جو خود سماجی طور پر بے چینی کا شکار رہتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ بڑی تقریبات میں شرکت ان کی توانائی ختم کر دیتی ہے اور وہ اکثر دعوت قبول کرنے سے قبل دو بار سوچتے ہیں۔
سماجی کام کی پروفیسر لورا میکلوڈ کے مطابق دفتری تقریبات میں شرکا پر دباؤ ہوتا ہے کہ وہ خود کو خوش اور پُر جوش رکھیں، حالانکہ ہر کوئی واقعی اتنا خوش نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ، شراب نوشی اور غیر رسمی ماحول پیشہ ورانہ حدود کو دھندلا کر سکتا ہے، جس سے بعض افراد میں بے چینی بڑھ جاتی ہے۔
ماہرین اور معالجین شرمیلے اور علیحدگی پسند افراد کو چند مشورے دیتے ہیں کہ وہ تقریبات میں شرکت سے پہلے چند حکمت عملی ضرور اپنائیں۔
ماہرین کے مطابق لباس کے ضابطے کو جان کر آرام دہ اور موزوں لباس کا انتخاب کریں تاکہ خود کو مطمئن اور آرام دہ محسوس کریں۔ چھوٹے ہجوم سے ابتدا کریں، اور گفتگو میں شامل ہونے کے لیے کمرے کے وسط میں رہنے کی کوشش کریں۔
ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ اگر بے چینی محسوس ہو تو مختصر وقت کے لیے شرکت کریں اور باہر نکلنے کے لیے ایک جواز تیار رکھیں۔ کُھلے سوالات پوچھیں جیسے ساتھیوں کے تعطیلاتی منصوبے یا کام کے علاوہ دلچسپ سرگرمیاں وغیرہ۔ اس کے علاوہ گفتگو کو ہلکا پھلکا رکھیں اور اختلافی یا تنازعات پیدا کرنے والے موضوعات سے گریز کریں۔
اگر گفتگو رُک جائے تو یہ چیز نارمل ہے۔ ہر خاموش لمحے کو بھرنے کی ذمہ داری صرف آپ کی نہیں۔
بعض افراد کمپنی کی تقریبات میں دیگر شرکا کے ساتھ بات کر کے راحت محسوس کرتے ہیں۔ بچے یا پالتو جانوروں کے بارے میں بات چیت کرنا اکثر گفتگو کو آسان بناتا ہے۔
ماہر نفسیات اینڈریا ٹیلر کے مطابق محدود وقت کے لیے شرکت کرنا اور سرگرمی پر توجہ دینا بے چینی کو کم کر سکتا ہے اور خود اعتمادی بڑھا سکتا ہے۔
ریان آرنلڈ کہتے ہیں کہ وہ زیادہ تر اپنی کتابوں اور گھر والوں کے ساتھ وقت گزارنا ترجیح دیتے ہیں، لیکن بعض اوقات تقریبات میں شرکت کرنا فائدہ مند بھی ثابت ہوتی ہے۔
یہ رہنما اصول ملازمین کو اس بات میں مدد دیتے ہیں کہ وہ دفتری تقریبات میں شامل ہو سکیں، سماجی دباؤ یا بے چینی کے بغیر، اور اس دوران اپنے پیشہ ورانہ تعلقات اور خود اعتمادی کو برقرار رکھ سکیں۔
























