بولی ووڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیـتا آہوجا نے شوہر سے منسوب افواہوں پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ گووندا ایک ایسی عورت سے مل رہے ہیں جو اداکارہ نہیں ہے۔ اس خاتون کو گووندا سے محبت نہیں بلکہ صرف ان کے پیسوں سے دلچسپی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ای ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں سنیـتا نے بتایا کہ سال 2025 ان کی زندگی کا سب سے مشکل اور تلخ سال ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گووندا کے کسی دوسری عورت سے تعلق کی خبروں نے انہیں شدید تکلیف دی۔

رپورٹس کا کہنا ہے کہ سنیـتا کے مطابق، ’میں 2025 کو اپنی زندگی کا بہت برا سال سمجھتی ہوں۔ میں نے بار بار سنا کہ گووندا کا ایک لڑکی سے تعلق ہے، لیکن وہ اداکارہ نہیں ہو سکتی کیونکہ اداکارائیں ایسے غلط کام نہیں کرتیں۔ وہ عورت گووندا سے محبت نہیں کرتی، صرف اس کا پیسہ چاہتی ہے۔‘

سنیـتا آہوجا نے مزید کہا کہ، ’ہر مرد کی زندگی میں صرف تین عورتیں اہم ہوتی ہیں: ماں، بیوی اور بیٹی۔ کسی مرد کو اپنی زندگی میں چوتھی عورت رکھنے کا کوئی حق نہیں ہے، چاہے وہ گووندا ہی کیوں نہ ہو۔‘

نئے سال 2026 سے جڑی امیدوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے سنیـتا نے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں بڑی تبدیلی چاہتی ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ گووندا تمام تنازعات کو ختم کریں اور خاندان کو دوبارہ خوشیوں کی طرف لے جائیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا گووندا کو چاہیے کہ وہ ان لوگوں سے دور رہیں جو صرف پیسے کے لیے ان کے ساتھ ہیں اور اپنے کام پر توجہ دیں۔

ادھر سنیـتا آہوجا نے اپنے یوٹیوب کریئر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ 2025 میں انہوں نے بطور وی لاگر ایک نیا سفر شروع کیا جو کامیاب ثابت ہو رہا ہے۔

اس وقت ان کے یوٹیوب چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد تقریباً 2 لاکھ 86 ہزار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جہاں محبت مل رہی ہے وہیں تنقید بھی ہو رہی ہے، لیکن وہ دونوں کو قبول کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ گووندا اور سنیـتا آہوجا کی شادی 1987 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں، بیٹا یش اور بیٹی ٹینا۔

گزشتہ کچھ عرصے سے ان کے درمیان علیحدگی کی خبریں گردش کر رہی ہیں، تاہم سنیـتا اس سے قبل میڈیا کے سامنے ان افواہوں کو سختی سے مسترد کر چکی ہیں اور کہہ چکی ہیں کہ کوئی بھی انہیں گووندا سے الگ نہیں کر سکتا۔

More

Comments
1000 characters