معروف پاکستانی اداکارہ اور ہدایتکارہ انجلین ملک نے کینسر کے خلاف اپنی کامیاب جدوجہد کے بعد خوشخبری سنائی ہے کہ وہ فی الحال کینسر سے پاک ہیں۔

انجلین ملک کو چند سال قبل کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور تب سے وہ اپنے مداحوں کو اپنی صحت کے سفر سے آگاہ کرتی رہی ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ حالیہ اسکین صاف ہے اور یہ ایک فتح ہے، مگر ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔

انجلین ملک نے کہا، ’طبی لحاظ سے کسی کو کینسر سے مکمل طور پر پاک قرار دینے لے لیے 2 سے 5 سال تل مسلسل صاف اسکین کی ضرورت ہوتی ہے ، کبھی کبھار 10 سال بھی۔ تو ہاں، میں آج کے لیے کینسر سے پاک ہوں، مگر سفر ابھی ختم نہیں ہوا۔‘

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مزید جذباتی انداز میں کہا،

’ کچھ دن امید دلاتے ہیں، کچھ خوف، لیکن میں ہر لمحے کا سامنا ہمت کے ساتھ کرتی ہوں۔ آج کے لیے شکر گزار، کل کے لیے تیار اور کبھی ہمت نہ ہارنے کا جذبہ رکھتی ہوں۔ یہ سفر ہمت، امید اور زندگی کی قدر سکھاتا ہے۔‘

انجلین ملک نے اپنی پوسٹ میں کینسر کے بعد کی زندگی کے جذباتی پہلوؤں پر بھی بات کی اور مداحوں کو بتایا کہ ہر کامیابی کے پیچھے صبر، حوصلہ اور بے شمار لڑائیاں چھپی ہوئی ہوتی ہیں۔


انجلین ملک نے اپنے کیریئر میں متعدد کامیاب ٹی وی ڈراموں میں کام کیا ہے جس میں ’راج ہنسنی‘، ’میری آواز سنو‘، ’ریشما تو جھلی ہے‘، ’مجھے پیار ہوا تھا‘، ’مسٹری تھیٹر‘شامل ہیں۔

بطور ہدایت کار، ان کی قابل ذکر کاوشوں میں ’کتنی گِرہیں باقی ہیں‘، ’چھوٹی چھوٹی باتیں‘، ’ہم دو ہمارے سو‘، ’مجھے جینے دو‘ شامل ہیں۔

اداکارہ کی اس خوشخبری پر مداحوں کی جانب سے انہیں بھرپور مبارکباد اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

انجلین ملک کا یہ سفر نہ صرف ان کے مداحوں کے لیے حوصلہ افزا ہے بلکہ کینسر کے ساتھ جدوجہد کرنے والے ہر شخص کے لیے امید اور طاقت کا پیغام بھی ہے۔

More

Comments
1000 characters