پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اور باصلاحیت اداکار و میزبان فیصل قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا سب سے بڑا خوف یہ ہے کہ کہیں وہ اپنے کم عمر بچوں کو زندگی میں سیٹل اور محفوظ مستقبل میں دیکھنے سے پہلے دنیا سے نہ چلے جائیں۔

فیصل قریشی نے حال ہی میں فوشیا میگزین کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران بطور والد اپنے کم عمر بچوں کے مستقبل، ذمہ داریوں اور لاحق خدشات پر کھل کر بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب انسان کے بچے کم عمر ہوں تو دل میں سب سے بڑا خوف یہی ہوتا ہے کہ کہیں وہ بچوں کو زندگی میں سیٹل ہوتے دیکھے بغیر دنیا سے نہ چلا جائے۔

فیصل قریشی نے کہا، ’جب بچے دیر سے پیدا ہوں تو والدین کو ایک مستقل ٹینشن لاحق رہتی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ میں اپنے بچوں کو خودمختار اور محفوظ مستقبل میں دیکھ سکوں۔ ایک باپ کے طور پر یہی سب سے بڑی فکر ہوتی ہے کہ اگر مجھے کچھ ہوگیا تو میرے بچوں کا کیا ہوگا۔‘

انہوں نے پاکستان میں فنکاروں کے لیے حکومتی سطح پر عدم تحفظ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے دیکھا ہے کہ ہمارے سینئر اداکاروں کو وفات کے بعد کیا ملا۔ چند ہزار یا ایک لاکھ کے چیک کسی فنکار کی زندگی بھر کی خدمات کا نعم البدل نہیں ہو سکتے۔

فیصل قریشی نے یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے نیند تک قربان کر دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا، ’میں چاہے اپنی نیند پوری نہ کروں، لیکن بچوں کو اسکول چھوڑنے کا معمول کبھی نہیں چھوڑتا۔ اگر میں شوٹنگ سے رات بارہ بجے بھی واپس آوں، صبح اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے اور انہیں تیار کرنے کے لیے ضرور جاگ جاتا ہوں۔‘

فیصل قریشی اپنے مصروف شیڈول کے باوجود خاندان کو بھرپور وقت دینا اپنی اولین ترجیح سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ، ’میں اپنے بچوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنا چاہتا ہوں، حتی کہ اگر کسی ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف ہوں تو انہیں سیٹ پر بلا لیتا ہوں۔‘

فیصل قریشی کے یادگار ڈراموں کی ایک لمبی فہرست ہے، جس میں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ان دنوں وہ مقبول ڈرامے میں کردار کامران کے ذریعے خوب داد سمیٹ رہے ہیں۔

وہ اپنی اہلیہ ثنا فیصل اور دو بچوں آیت اور فرمان کے ساتھ ایک خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔

More

Comments
1000 characters