وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ پھر سے ماں بننے والی ہیں اور ان کے ہاں بیٹی کی ولادت متوقع ہے۔ انہوں نے یہ خوشخبری سوشل میڈیا پر شیئر کی اور ماں بننے کے احساس سے متعلق نیک جذبات کا اظہار کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ترجمان اور وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ وہ دوسرے بچے کی توقع کر رہی ہیں۔

کیرولین لیوٹ نے یہ خوشخبری انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے دی، جس میں وہ کرسمس ٹری کے ساتھ کھڑی نظر آ رہی ہیں اور ان کا بیبی بمپ واضح ہے۔

 https://www.instagram.com/p/DSvNvF0ke9V/

وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی معاون بھی ہیں اور وائٹ ہاؤس کی تاریخ میں اس عہدے پر فائز ہونے والی سب سے کم عمر شخصیت ہیں۔

انسٹاگرام پوسٹ میں کیرولین لیوٹ نے کہا کہ ’میں اور میرے شوہر اپنے خاندان کو بڑھانے پر بے حد خوش ہیں اور بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں کہ ہمارا بیٹا ایک بڑے بھائی کے طور پر کیسا محسوس کرے گا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میں صدر ٹرمپ اور ہماری چیف آف اسٹاف سوسی وائلز کی بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے ہماری بھرپور حمایت کی اور وائٹ ہاؤس میں خاندان دوست ماحول کو فروغ دیا۔‘

بعد ازاں فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیرولین لیوٹ کا کہنا تھا کہ ’ماں بننے پر میرا دل خدا کے شکر سے لبریز ہے اور میں سمجھتی ہوں کہ ماں بننا زمین پر جنت پانے جیسا تجربہ ہے‘۔

فاکس نیوز کے مطابق کیرولین لیوٹ اور ان کے شوہر نک کے ہاں دوسری اولاد ایک بیٹی کی صورت میں متوقع ہے، جس کی پیدائش مئی 2026 میں ہونے کی توقع ہے۔

کیرولین لیوٹ 2024 کی صدارتی مہم کے دوران ٹرمپ کی نیشنل پریس سیکریٹری رہیں، جہاں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں وائٹ ہاؤس کا اہم عہدہ دیا گیا۔ منفرد اندازِ گفتگو اور میڈیا کے سخت سوالات کا اعتماد سے جواب دینے کی کے باعث صدر ٹرمپ ازراہِ مذاق کیرولین لیوٹ کو ’مشین گن‘ قرار دے چکے ہیں۔

More

Comments
1000 characters