اگر آپ سردیوں میں اکثر اضافی گرم کپڑوں کی تلاش میں رہتے ہیں، جبکہ دوسرے لوگ آرام دہ ہیں، تو اس کی وجہ صرف موسم نہیں ہو سکتی۔
ماہرین صحت کے مطابق، سردی کے احساس میں زیادہ تر خوراک اور غذائی عادات کا بڑا کردار ہوتا ہے۔ کم کیلوری والی غذا یا ضروری غذائی اجزاء کی کمی جسم کی حرارت پیدا کرنے کی صلاحیت کو کم کر دیتی ہے۔
مناسب مقدار میں کھانا، صحت مند غذائیں چننا اور غذائیت پر دھیان دینا چند ہفتوں میں واضح فرق لا سکتا ہے۔
ہماری خوراک جسم کے لیے ایندھن کا کام دیتی ہے، جو ہاضمہ اور پٹھوں کی سرگرمی کے ذریعے حرارت پیدا کرتی ہے۔ اگر کیلوری کی مقدار بہت کم ہو یا کھانے چھوڑ دیے جائیں، تو جسم توانائی بچانے کے لیے حرارت پیدا کرنے کو کم کر دیتا ہے۔
ڈاکٹرز کے مطابق، طویل عرصے تک کم کیلوری والی غذا میٹابولزم سست کر دیتی ہے اور جسم کے درجہ حرارت کو برقرار رکھنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ یہ عام طور پر ان لوگوں میں دیکھا جاتا ہے جو سردیوں میں سخت ڈائیٹ پر ہوتے ہیں یا کھانے چھوڑ دیتے ہیں۔
پروٹین پٹھوں کی تعمیر میں مدد دیتا ہے، جو حرارت پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ صحت بخش چکنائی مستقل توانائی اور جسم کو انسولیشن فراہم کرتی ہے۔ بہت کم پروٹین یا چکنائی والی غذا جسم کو گرم رکھنے میں ناکام کر سکتی ہے۔
ماہرین غذائیت تجویز کرتے ہیں کہ دالوں، انڈے، دودھ، مچھلی یا گوشت سے مناسب پروٹین اورگری دار میوے، بیج، گھی یا تیل سے توانائی کے لیے درکار کاربوہائیڈریٹس اپنی غذا میں شامل کریں۔
ان کے مطابق یہ غذائی اجزاء تھرموجنیسس میں مدد دیتے ہیں، یعنی جسم کے حرارت پیدا کرنے کے عمل کو سپورٹ کرتے ہیں۔
ہمیشہ ٹھنڈ لگنے کا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ کے جسم میں کچھ ضروری غذائی اجزاء کی کمی ہے۔ آئرن کی کمی جسم کے ٹشوز تک آکسیجن کی ترسیل کم کر دیتی ہے، جبکہ وٹامن بی12 اور آیوڈین کی کمی میٹابولزم کو متاثر کر سکتی ہے۔
ماہرین غذائیت کہتے ہیں آئرن کی کمی والے افراد اکثر ٹھنڈے ہاتھ اور پاؤں، تھکن اور کمزوری کی شکایت کرتے ہیں۔ خون کے ٹیسٹ سے فوری طور پر معلوم ہو سکتا ہے کہ غذائیت کی کمی مسئلہ ہے یا نہیں۔
بے قاعدگی یا طویل وقفے کے ساتھ کھانے سے جسم ٹھنڈ کے لیے زیادہ حساس ہو جاتا ہے۔ جسم اہم اعضاء کو توانائی فراہم کرنے کو ترجیح دیتا ہے، جس سے ہاتھ اور پاؤں ٹھنڈے رہتے ہیں۔ تھوڑے اور بار بار کھانے کھانے سے جسم میں توانائی اور حرارت برقرار رہتی ہے۔
وہ غذائیں جو جسم کو گرم رکھتی ہیں
کچھ غذائیں قدرتی طور پر جسم کو گرم اور خون کی روانی کو بہتر کرتی ہیں:
گرم پکایا ہوا کھانا جیسے سوپ اور اسٹو
مصالحے جیسے ادرک، کالی مرچ اور دارچینی
مکمل اناج اور جڑ والی سبزیاں
کافی مقدار میں گرم مشروبات اور پانی
اگر غذائیت کے باوجود شدید ٹھنڈ لگنا جاری رہے، تو یہ ہائپو تھائیرائیڈزم، اینیمیا یا خون کی خراب گردش جیسی طبی حالتوں کی نشاندہی کر سکتا ہے۔ ماہرین شدید یا طویل عرصے تک رہنے والے علامات کے لیے طبی معائنہ کروانے کی ہدایت دیتے ہیں۔
























