بولی ووڈ کی ایکشن اور جاسوسی فلم ’دھرندھر‘ نے دنیا بھر کے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک ہزار کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کر لیا ہے، تاہم مشرقِ وسطیٰ کے اہم ممالک میں فلم کی نمائش نہ ہونے کے باعث فلم کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق فلم کے اوورسیز ڈسٹری بیوٹر پرنب کپاڈیا کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک میں پابندی کے باعث فلم تقریباً ایک کروڑ ڈالر کی کمائی سے محروم رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ کی مارکیٹ بولی ووڈ کی ایکشن فلموں کے لیے ہمیشہ انتہائی منافع بخش رہی ہے اور ’دھرندھر‘ جیسی بڑی فلم وہاں اچھا بزنس کر سکتی تھی۔

پرنب کپاڈیا نے بتایا کہ فلم پر پابندی کی وجہ اس کا اینٹی پاکستان بیانیہ بتایا گیا، جس کے باعث متعلقہ ممالک نے اسے ریلیز کی اجازت نہیں دی۔ ان کے مطابق اگرچہ یہ ایک بڑا کاروباری نقصان ہے، مگر ہر ملک کے قوانین اور حساسیت کا احترام کرنا ضروری ہوتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے قبل بھی کئی بھارتی فلمیں خلیجی ممالک میں ریلیز نہیں ہو سکیں، جن میں فلم ’فائٹر‘ بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پروڈیوسرز کی جانب سے فلم کی ریلیز کے لیے مکمل کوشش کی گئی، لیکن حتمی فیصلہ متعلقہ ممالک کے حکام کا ہوتا ہے۔

اس پابندی کے باوجود ’دھرندھر‘ نے یورپ، شمالی امریکا اور بھارت سمیت دیگر خطوں میں غیر معمولی کامیابی حاصل کی اور اب تک فلم کا عالمی کلیکشن 1100 کروڑبھارتی روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر فلم خلیجی مارکیٹ میں بھی ریلیز ہوتی تو اس کے اعداد و شمار میں مزید اضافہ ہو سکتا تھا۔

پرنب کپاڈیا کے مطابق دسمبر کی تعطیلات نے کسی حد تک نقصان کی تلافی کی، کیونکہ کئی خلیجی ممالک میں رہنے والے ناظرین چھٹیوں کے دوران یورپ اور امریکا گئے، جہاں انہوں نے فلم سینما گھروں میں دیکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ تعطیلات کے دوران سفر کرنے والے شائقین نے اپنے شیڈول میں وقت نکال کر فلم ضرور دیکھی۔

ہدایت کار آدتیہ دھر کی اس فلم کی کہانی کراچی کے علاقے لیاری کے پس منظر میں بنائی گئی ہے اور یہ دو حصوں پر مشتمل جاسوسی ایکشن سیریز ہے۔

فلم میں رنویر سنگھ، اکشے کھنہ، ارجن رامپال، سنجے دت، آر مادھون، راکیش بیدی اور سارہ ارجن اہم کرداروں میں نظر آتے ہیں۔

واضح رہے کہ ’دھرندھر پارٹ ٹو‘ کی ریلیز عید 2026 پر متوقع ہے اور فلمی حلقوں کو امید ہے کہ اس کا اگلا حصہ عالمی سطح پر مزید بڑی کامیابی حاصل کرے گا۔

More

Comments
1000 characters