امریکا کے سابق صدر آنجہانی جان ایف کینیڈی کی نواسی اور امریکی ماحولیاتی صحافی تاتیانا شلوسبرگ 35 سال کی عمر میں کینسر کے باعث چل بسیں۔

اس افسوسناک خبر کا اعلان ان کے خاندان نے جے ایف کے لائبریری فاؤنڈیشن کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا اور لکھا کہ تاتیانا ہمیشہ ان کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔

تاتیانا کو ایکیوٹ مائیلوڈ لیوکیمیا کی تشخیص مئی 2024 میں ہوئی، جب دوسرے بچے کی پیدائش کے بعد خون میں سفید خلیات کی غیر معمولی زیادتی دیکھی گئی۔

ڈاکٹروں نے انہیں ابتدائی طور پر محتاط رہنے کی ہدایت دی تھی۔ بیماری کے دوران انہوں نے اپنے ایک مضمون میں بچوں اور خاندان کے بارے میں فکر کا اظہار بھی کیا۔

شلوسبرگ ایک معروف ماحولیاتی اور سائنسی رپورٹر تھیں۔ ان کے مضامین نیو یارک ٹائمز، دی اٹلانٹک اور وینٹی فیئر میں شائع ہوتے رہے ہیں۔ نومبر میں دی نیویارکر میں شائع ان کا مضمون بہت متاثر کن تھا، جس میں انہوں نے اپنی بیماری اور اس کے اثرات کے بارے میں کھل کر لکھا۔

تاتیانا نے اپنے رشتہ دار رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر پر بھی تنقید کرتی رہتی تھیں جو اب صدر ٹرمپ کی کابینہ میں ہیلتھ سیکرٹری کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے سرکاری طبی تحقیق اور ویکسین کی سہولتوں میں کمی پر اعتراض کیا تھا۔

شلوسبرگ نے 2019 میں اپنی کتاب ”Inconspicuous Consumption: The Environmental Impact You Don’t Know You Have“ لکھی، جو ماحولیاتی شعور کے حوالے سے اہم سمجھی جاتی ہے۔

تاتیانا شلوسبرگ کے پسماندگان میں شوہر جارج موران اور دو بچے شامل ہیں۔ وہ ڈیزائنر ایڈون شلوسبرگ اور سفارت کار کیرولین کینیڈی کی بیٹی تھیں۔

More

Comments
1000 characters