پاکستان ٹیلی وژن کے معروف اداکار اور مزاحیہ کرداروں سے شہرت پانے والے آغا شیراز کو دل کا شدید دورہ پڑنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں وہ اس وقت زیرِ علاج ہیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق بروقت طبی امداد فراہم کیے جانے کے باعث اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام اور خصوصی نگہداشت کا مشورہ دیا ہے۔
آغا شیراز کا شمار پی ٹی وی کے ان فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے طویل عرصے تک معیاری ڈراموں اور سٹ کامز میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ’ڈگڈگی‘، ’جانے انجانے‘، ’منّا الیکٹریشن‘، ’تم اجنبی ہو‘ اور ’کچا سا خواب‘ جیسے مقبول پروجیکٹس کا حصہ رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ مشہور مزاحیہ ڈرامہ سیریل ’بلبلے‘ کی متعدد اقساط میں بھی نظر آئے، جہاں ان کے کردار کو ناظرین نے بے حد پسند کیا۔
گزشتہ کچھ برسوں میں آغا شیراز سوشل میڈیا پر بھی خبروں کی زینت بنتے رہے، جہاں ان کی ویڈیوز اکثر وائرل ہوتی تھیں۔ بعد ازاں انہوں نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر کے ایک سادہ اور مذہبی طرزِ زندگی اپنالیا۔
اداکار کی صحت سے متعلق تازہ صورت حال ان کے آفیشل انسٹاگرام اور ٹک ٹاک اکاؤنٹس کے ذریعے شیئر کی جا رہی ہے۔ حالیہ پیغام میں خود آغا شیراز نے مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے لکھا، ’اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے میں بہتر ہوں، مگر اب بھی آپ سب کی دعاؤں کا محتاج ہوں۔‘
ان کی بیماری کی خبر سامنے آتے ہی شوبز شخصیات، دوستوں، مداحوں اور چاہنے والوں کی جانب سے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ہزاروں افراد ان کی جلد صحت یابی کے لیے پیغامات اور دعائیہ کلمات کا اظہار کر رہے ہیں۔
اہلِ خانہ نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ آغا شیراز کی مکمل صحت یابی کے لیے دعا کریں، جبکہ ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
























