بولی ووڈ کی دو مشہور اداکارائیں سونم کپور اور دیپیکا پڈوکون کے درمیان ایک عرصے سے سرد جنگ جاری تھی، مگر 5 جنوری کو دیپیکا پڈوکون کی 40ویں سالگرہ پر سونم کے مبارک باد کے پیغام نے سب کو حیران کر دیا۔
سونم نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں دونوں اداکاراؤں کی پرانی تصویر کے ساتھ سادہ مگر معنی خیز انداز میں لکھا تھا، ”ہیپی برتھ ڈے دیپیکا۔“
مداحوں کے لیے، جو ان کی پرانی رنجشوں کو جانتے ہیں، یہ چھوٹا سا پیغام بہت معنی رکھتا ہے۔
سونم اور دیپیکا نے بولی ووڈ میں تقریباً ایک ہی وقت میں قدم رکھا اور فوری طور پر فلموں، ایڈورٹائزمنٹس اور دیگر مواقع کے لیے ایک دوسرے کے مقابلے میں آ گئی تھیں۔
رنبیر کپور کے ساتھ پرانے تعلقات نے بھی ان کے درمیان فاصلہ بڑھا دیا۔ خاص طور پر جب دیپیکا نے ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کی شوٹنگ کے بعد رنبیر کی سالگر پر شرکت کی اور سونم کو اس تقریب میں مدعو نہ کیا گیا تو فلمی شائقین نے ان کے درمیان بڑھتی ہوئی دوریوں کے بارے میں قیاس آرائی شروع کر دی۔
ان کی سرد مہری ’کافی ود کرن سیزن3‘ میں ایک ساتھ شرکت کے موقع پر زیادہ سامنے آگئی۔ شو میں انہوں نے ایک دوسرے پر ہلکے پھلکے طنزیہ جملے کسے، خاص طور پر رنبیر کے بارے میں، جو شائقین میں کافی دلچسپی کا سبب بنے۔
بعد کے سیزنز میں بھی جب سونم اپنے والد انیل کپور کے ساتھ شریک ہوئی تو دیپیکا کے ذکر پر بعض جملے کافی طنزیہ تھے۔
انہوں نے دیپیکا کے فیشن اسٹائل کے بارے میں کہا کہ دیپیکا کو اپنا ایک الگ اسٹائل بنانا چاہیے اور موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ کترینہ کا انداز اپنے طور پر بہترین ہے، اس کے مقابلے میں وہ کسی کو بھی پسند نہیں کریں گی۔
سونم نے کہا کہ دیپیکا کبھی ”اچھی لڑکی جو خراب ہو گئی“ جیسی لگتی ہیں۔ سونم نے یہ بھی کہا کہ دیپیکا کے پاس ایک چیز ہے جو ان کے پاس نہیں ، یعنی ایک بہت زیادہ سرگرم پی آرٹیم۔
اس وقت یہ بھی خبر آئی کہ دونوں اداکاراؤں کو ایک ہی ایجنسی مینیج کررہی تھی اور سونم کو لگتا تھا کہ دیپیکا کے کچھ پروجیکٹس اور ایڈورٹائزمنٹس ان کے نقصان پر مل رہے ہیں۔
اب سونم کی سالگرہ مبارکباد اگرچہ مختصر اور سادہ تھی مگر اس نے کئی برسوں پر محیط تعلقات کی تاریخ اوران کی پیچیدگی کو ایک لمحے میں سامنے لا دیا۔ مداحوں نے اسے ”چھوٹا مگر معنی خیز اشارہ“ قرار دیا ہے۔
























