پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینیئر اورورسٹائل اداکارہ بشریٰ انصاری نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر اپنے نام سے بنائے گئے جعلی اکاؤنٹس اورآن لائن فراڈ کی سنگینی کو اجاگر کیا ہے۔

اداکارہ نے ان اکاؤنٹس کو نہ صرف دھوکا دہی قرار دیا بلکہ عوام کو سختی سے خبردار بھی کیا کہ ایسے کسی بھی اکاؤنٹ پر یقین نہ کریں اور نہ ہی انہیں فالو کریں۔

بشریٰ انصاری نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک واضح ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ کچھ عناصر ان کی تصاویر اور نام استعمال کر کے لوگوں سے پیسے بٹورنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ویڈیو کے کیپشن میں اداکارہ نے لکھا: ’اب سوشل میڈیا پر بھکاری بھی آ گئے ہیں، جو میری جعلی آئی ڈیز بنا کر لوگوں کو دھوکا دے رہے ہیں، براہِ کرم انہیں فالو نہ کریں۔‘

اداکارہ کے مطابق، یہ جعلی اکاؤنٹس مختلف جذباتی ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، جن میں کبھی جمعرات کے دن خیرات کی اپیل کی جاتی ہے اور کبھی غریبوں، بیواؤں یا مستحق افراد کی مدد کے نام پر عطیات مانگے جاتے ہیں۔ بعض اکاؤنٹس تو یہاں تک دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہ بشریٰ انصاری کی سرپرستی میں کوئی فلاحی این جی او قائم کر رہے ہیں۔

بشریٰ انصاری نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی کسی سے مدد کے نام پر پیسے نہیں مانگے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ’اگر میں کسی کی مدد کرنا چاہوں تو خاموشی سے خود کرتی ہوں، نہ کبھی چندہ اکٹھا کیا ہے اور نہ ہی کسی سے درخواست کی ہے۔‘

اداکارہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں ایسے بےحس اور بےشرم لوگ موجود ہیں جو معروف شخصیات کے نام استعمال کر کے سادہ لوح افراد کو لوٹنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا ، یہ واقعی شرمناک حرکت ہے کہ کسی کی نیکی اور ساکھ کو ذاتی فائدے کے لیے استعمال کیا جائے۔

بشریٰ انصاری نے اپنے مداحوں کو یہ بھی بتایا کہ انہوں نے ایسے تمام جعلی اکاؤنٹس کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر رپورٹ کر دیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف ان کے تصدیق شدہ اور اصل اکاؤنٹس کو ہی فالو کریں۔

انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی مشکوک پیغام، مالی اپیل یا لنک پر ہرگز ردعمل نہ دیں۔

More

Comments
1000 characters