چاندی کے زیورات اور برتن خوبصورتی اور نفاست کی علامت سمجھے جاتے ہیں، مگر اکثر یہ مسئلہ درپیش رہتا ہے کہ کچھ ہی عرصے میں ان پر سیاہی یا کالا پن آ جاتا ہے۔
خاص طور پر خواتین کے پہننے والے پازیب، جھمکے یا انگوٹھیاں جلدی اپنی چمک کھو دیتی ہیں۔ ایسے میں لوگ عموماً سنار کے پاس جا کرپالش کرواتے ہیں، جو وقت اور پیسے دونوں کا ضیاع ہے۔
اب اس پریشانی کا حل مشہور شیف پنکج بھدوریا نے ایک آسان گھریلو طریقے کی صورت میں پیش کر دیا ہے، جو نہ صرف سادہ اور آسان ہے بلکہ چند ہی منٹوں میں شاندار نتائج دیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ہوا میں موجود سلفر جب چاندی سے ملتا ہے تو اس پر سلور سلفائیڈ کی تہہ جم جاتی ہے، جس سے چمک ماند پڑ جاتی ہے۔ یہ ایک قدرتی کیمیائی عمل ہے اور اس کا مطلب یہ نہیں کہ چاندی خراب ہو گئی ہے۔
شیف پنکج کے مطابق، چاندی کو چمکانے کے لیے کسی مہنگے کیمیکل یا پالش کی ضرورت نہیں، بلکہ باورچی خانے میں موجود چند عام چیزیں ہی کافی ہیں۔
درکار اشیاء
ایلومینیم فوائل
گرم پانی
ایک چائے کا چمچ نمک
ایک چائے کا چمچ بیکنگ سوڈا
طریقہ استعمال
ایک بڑے برتن کے اندر ایلومینیم فوائل بچھا دیں۔
اس میں گرم پانی ڈالیں۔
پانی میں نمک اور بیکنگ سوڈا شامل کریں۔
اب چاندی کے زیورات یا برتن اس پانی میں ڈال کر تقریباً 20 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔
مقررہ وقت کے بعد چاندی کو نکال کر صاف کپڑے سے پونچھ لیں۔
چند ہی لمحوں میں آپ دیکھیں گے کہ چاندی اپنی اصل چمک میں واپس آ چکی ہے۔
یہ نسخہ محض سطحی صفائی نہیں کرتا بلکہ کیمیائی عمل کے ذریعے چاندی پر جمی سلور سلفائیڈ کی تہہ کو ختم کرتا ہے۔ نمک اور بیکنگ سوڈا کی موجودگی میں ایلومینیم اور چاندی کے درمیان الیکٹران کی منتقلی ہوتی ہے، جس سے سیاہی ایلومینیم پر منتقل ہو جاتی ہے اور چاندی صاف اور چمک دار ہو جاتی ہے۔
اگر چاندی پر قیمتی نگینے یا نازک کام ہو تو اس طریقے کو استعمال کرنے سے پہلے احتیاط ضرور کریں۔
یہ آسان گھریلو ٹوٹکا نہ صرف آپ کے پیسے بچا سکتا ہے بلکہ چاندی کے زیورات اور برتنوں کو دوبارہ نیا جیسا بنا سکتا ہے وہ بھی صرف 20 منٹ میں۔
























