امریکی کمپنی’آئی پالش‘ نے جدید اے آئی نیل پالش کٹ متعارف کروائی ہے جو آپ کے ناخن کا رنگ چند سیکنڈز میں بدل سکتی ہے۔
چاہے دن کے لیے نیلا، شام کے لیے سرخ یا پارٹی کے لیے بولڈ رنگ منتخب کرنا ہو اب اس کٹ کے ذریعے سب کچھ ممکن ہے اور سب سے بڑی بات یہ کہ ریمور یا خشک ہونے کا انتظار بھی نہیں کرنا پڑتا۔
یہ پریس آن ایکریلک ناخن اسمارٹ ایپ سے کنٹرول کیے جا سکتے ہیں اور 400 سے زیادہ رنگوں میں تبدیل کیے جا سکتے ہیں۔
ناخن کو میجک وینڈ میں رکھیں اور چند سیکنڈز میں رنگ بدلتا ہوا دیکھیں۔ آپ رنگ منٹوں، گھنٹوں یا دنوں تک برقرار رکھ سکتے ہیں اور جب دل کرے دوبارہ تبدیل کر سکتے ہیں۔

کِٹ میں تمام ضروری چیزیں شامل ہیں: مختلف سائز کے پریس آن ناخن، جادوئی وینڈ، بونڈنگ گلو، تیز خشک ہونے والی ٹاپ کوٹ اور بنیادی تیاری کے ٹولز جیسے کیوٹیکل پشر، بفر اور وائپ۔
ایپ کے ذریعے ناخن کا ہر رنگ آسانی سے منتخب کیا جا سکتا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ ناخن غیر زہریلے ہیں اور روزمرہ استعمال کے لیے محفوظ ہیں۔ تاہم، جو لوگ دیگر وائرلیس الیکٹرانک آلات استعمال کرتے ہیں، یا جن کے پاس پیس میکر ہے، یا جنہیں جلد یا حساسیت کا مسئلہ ہے، انہیں پہلے اپنے معالج سے مشورہ کرنا چاہیے۔
یہ کٹ $95 میں دستیاب ہے، اور نئے ناخن کے سیٹ کی قیمت $6 سے شروع ہوتی ہے۔
جیسے جیسے مصنوعی ذہانت فیشن کی دنیا میں اپنا اثر دکھا رہی ہے، ناخنوں کا انداز بھی اب ذاتی اسٹائل کی طرح لچکدار اور بدلنے کے قابل ہو گیا ہے۔ اب آپ کو وہ ناخن پالش کی ایک بوتل خریدنے کے بعد پچھتانے کی ضرورت نہیں، جسے آپ شاید دوبارہ کبھی استعمال نہ کریں۔
























