ہالی وڈ کے معروف اداکار مارک روفالو نے حال ہی میں ’گولڈن گلوب‘ میں شرکت کے دوران محض فلمی تقریب کی خوشی منانے کی بجائے، ایک سنگین سماجی اور سیاسی پیغام بھی دیا۔

رُفالو، جو اپنی حالیہ اداکاری کے لیے ایچ بی او کی سیریز ’ٹاسک‘ میں نامزد تھے، انہوں نے اس موقع پر ایک ”بی گڈ“ پن پہنا، تاکہ رینی نیکول گُڈ کی یاد دلائی جاسکے جنہیں حال ہی میں امریکا کے شہر منی ایپلس میں’آئی سی ای‘ کے ایک اہلکار نے گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔

روفالو نے اس موقع پر کہا کہ وہ اپنے نامزدگی پر فخر کرتے ہیں لیکن ملک کے موجودہ حالات معمول کے نہیں رہے، اور ایک خوشی کی تقریب میں بیٹھ کر ان کے لیے خاموش رہنا ممکن نہیں۔ انہوں نے سخت لہجے میں کہا کہ وہ امریکا سے محبت کرتے ہیں، مگر جو کچھ آج ہو رہا ہے، وہ ان کے خیال میں ”اصلی امریکا“ نہیں ہے۔

اداکار نے صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایک طاقتور ملک ہے مگر اس کی قیادت بین الاقوامی قانون کو اہمیت نہیں دے رہی۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ ”صرف اپنی ذاتی اخلاقیات“ کو اہمیت دیتے ہیں اور بعض سیاسی فیصلے، جیسے وینیزویلا کے حوالے سے تنازع، ملک اور دنیا کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔

رُفالو نے اس موقع پر صدر ٹرمپ کو ”بدترین انسان“ قرار دیا، اور کہا کہ اگر دنیا کا سب سے طاقتور ملک ایسے رہنما کی اخلاقیات پر انحصار کرے تو بڑے مسائل پیدا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ قیادت دنیا کے سامنے اخلاقی اور قانونی حدود کا احترام دکھانے کے بجائے، اپنے ذاتی مفاد کو ترجیح دے رہی ہے۔ روفالو کے مطابق، ایسے حالات میں عوام میں خوف اور بے چینی عام ہے، اور یہی وجہ ہے کہ انہیں ایک تفریحی تقریب میں بھی حقیقت کا اظہار کرنا ضروری محسوس ہوا۔

رُفالو کے اس دعوے نے سیاسی مباحث کو مزید گرم کر دیا ہے، خاص طور پر جب وہ ایسے ایونٹ میں یہ پیغام دے رہے تھے جس میں مشہور شخصیات فلم اور ٹیلی ویژن کی کامیابیوں کا جشن منانے آئیں تھیں۔ ان کے ساتھ دیگر فنکاروں نے بھی احتجاجی پیغامات والے پن پہن رکھے تھے، جن کا مقصد رینی گڈ کی موت اور امریکی معاشرے میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی پر روشنی ڈالنا تھا۔

رُفالو کی جرات مندانہ تقریر اس بات کا اظہار ہے کہ معروف شخصیات اب صرف تفریحی دنیا تک محدود نہیں بلکہ فنکار اپنی مقبولیت کا فائدہ اٹھا کر سماجی، اور سیاسی مسائل پر اپنی آواز بلند کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

More

Comments
1000 characters