کنڑ فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار یش کی آنے والی فلم ’ٹاکسک‘ ریلیز سے قبل ہی شدید تنازع کا شکار ہو گئی ہے۔
فلم کے حالیہ جاری کیے گئے ٹیزر میں دکھائے گئے ایک مبینہ حد سے زیادہ قربت والے کار سین نے سوشل میڈیا پر زبردست بحث چھیڑ دی، جس کے بعد اس سین میں نظر آنے والی غیر ملکی اداکارہ بیٹریز ٹافن باخ کو شدید آن لائن تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹیزر 8 جنوری کو جاری ہوتے ہی ناظرین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ خاص طور پر ایک سین کے بعد سوشل میڈیا صارفین اداکارہ کی شناخت جاننے کے لیے بے چین دکھائی دیے۔
ابتدائی طور پر قیاس آرائیاں کی گئیں کہ یہ کردار اداکارہ نیٹلی برن کا ہے، تاہم ان افواہوں کو اس وقت ختم کر دیا گیا جب فلم کی ہدایت کار گیتو موہنداس نے خود انسٹاگرام پر وضاحت جاری کی۔
انہوں نے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اس سین میں نظر آنے والی اداکارہ دراصل برازیل سے تعلق رکھنے والی ماڈل اور اداکارہ بیٹریز ٹافن باخ ہیں۔
تاہم شناخت سامنے آتے ہی بیٹریز شدید ٹرولنگ اور تنقید کی زد میں آ گئیں۔ رپورٹس کے مطابق اسی دباؤ اور آن لائن نفرت کے بعد اداکارہ نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا ہے۔ اب جب ان کا نام انسٹاگرام پر سرچ کیا جاتا ہے تو ”پروفائل دستیاب نہیں“ کا پیغام نظر آتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بیٹریز ٹافن باخ نے اپنے کیریئر کا آغاز 2014 میں ماڈلنگ سے کیا تھا۔ وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری سے بھی وابستہ رہی ہیں اور مختلف بین الاقوامی پراجیکٹس کا حصہ رہ چکی ہیں۔
تنازع کے بڑھنے کے بعد ہدایت کار گیتو موہنداس نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے ایک معنی خیز انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی، جس میں انہوں نے لکھا کہ لوگ ابھی خواتین کی خوشی، رضامندی اور نظام کے اندر عورت کے کردار کو سمجھنے کی کوشش ہی کر رہے ہیں۔
جہاں ایک طبقے نے ٹیزر میں اس سین کی ضرورت پر سوال اٹھائے، وہیں معروف بھارتی فلم ساز رام گوپال ورما نے گیتو موہن داس کے اس جرات مندانہ قدم کی تعریف بھی کی۔
’ٹاکسک‘ میں یش کے علاوہ نین تارا، رکمنی وسنتھ، کیارا اڈوانی، ہما قریشی اور تارا ستاریہ بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گی۔
فلم 19 مارچ کو ریلیز ہونے والی ہے اور باکس آفس پر اس کا مقابلہ ’دھرندھر پارٹ 2‘ سے متوقع ہے۔
























