اگر آپ چائے کے شوقین ہیں لیکن ایک ہی عام ذائقے کی چائے پی پی کر تھک چکے ہیں اور سردیوں میں کچھ نیا آزمانا چاہتے ہیں تو ایرانی چائے آپ کے لیے بہترین انتخاب ہو سکتی ہے۔

یہ خاص چائے، جسے حیدرآبادی دم چائے بھی کہا جاتا ہے، اپنے گاڑھے پن، خوشبو اورمنفرد طریقے سے بنانےکی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔

ایرانی چائے عام دودھ پتی چائے سے مختلف ہوتی ہے، کیونکہ اس میں چائے اور دودھ کو الگ الگ تیار کیا جاتا ہے۔ روایتی طور پر اس چائے میں دودھ کی جگہ کھویا یا ماوا استعمال کیا جاتا تھا، تاہم آج کل ہیوی کریم اور کنڈینسڈ ملک سے بھی یہ شاندار ذائقہ حاصل کیا جاتا ہے۔

ایرانی چائے کے اجزاء

چائے کی پتی

سبز الائچی

دار چینی

چینی

دودھ

کنڈینسڈ ملک

ہیوی کریم

پانی

پسی ہوئی بادیان (اختیاری)

بنانے کا آسان طریقہ

سب سے پہلے ایک پتیلی میں پانی، چائے کی پتی، الائچی، دار چینی اور چینی ڈال کر اچھی طرح ابال لیں۔

اس کے بعد پتیلی کو ایلومینیم فوائل اور ڈھکن سے ڈھانپ کر ہلکی آنچ پر کچھ دیر دم دیں۔ پھر چائے کو چھان لیں۔

دوسری طرف ایک الگ برتن میں دودھ ابالیں، پھر اس میں ہیوی کریم اور کنڈینسڈ ملک شامل کر کے ہلکی آنچ پر اس وقت تک پکائیں جب تک کہ دودھ گاڑھا نہ ہو جائے۔

آخر میں کپ میں پہلے تیار شدہ چائے ڈالیں اور اس کے اوپر گاڑھا دودھ شامل کریں۔ چاہیں تو پسی ہوئی بادیان اوپر سے چھڑک کر سجاوٹ بھی کر سکتے ہیں۔

ایرانی چائے کا ذائقہ نہایت بھرپور اور خوشبودار ہوتا ہے۔ اگر آپ مسالے دار چائے پسند کرتے ہیں تو حسبِ ذائقہ مصالحے بڑھا سکتے ہیں، مگر بنیادی اجزاء میں تبدیلی نہ کریں۔

یہ چائے نہ صرف ذائقے میں لاجواب ہے بلکہ مہمانوں کے لیے بھی ایک خاص پیشکش بن سکتی ہے۔

More

Comments
1000 characters